میانمار کے صدر یو من آنگ ہلینگ نے بہار میں بودھ گیا کا دورہ کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-05-2026
میانمار کے صدر یو من آنگ ہلینگ نے بہار میں بودھ گیا کا دورہ کیا
میانمار کے صدر یو من آنگ ہلینگ نے بہار میں بودھ گیا کا دورہ کیا

 



بودھ گیا 
میانمار کے صدر یو من آنگ ہلائنگ ہفتہ کے روز بہار کے مقدس شہر بودھ گیا پہنچ گئے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے میانمار اور ہندوستان کے درمیان تہذیبی اور روحانی تعلقات کو اجاگر کیا۔
ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں رندھیر جیسوال نے بتایا کہ بودھ مت کے اہم مرکز بودھ گیا پہنچنے پر میانمار کے صدر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ بہار کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل سید عطاء حسنین (ریٹائرڈ) نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔
پوسٹ میں کہا گیا  کہ میانمار کے صدر یو من آنگ ہلائنگ کا بودھ گیا آمد پر پرتپاک خیرمقدم۔ ہوائی اڈے پر بہار کے معزز گورنر لیفٹیننٹ جنرل سید عطاء حسنین (ریٹائرڈ) نے ان کا استقبال کیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط روحانی، تاریخی اور عوامی روابط کی عکاسی کرتا ہے اور جاری دوطرفہ تعاون کی گہرائی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
بودھ گیا پہنچنے کے فوراً بعد صدر یو من آنگ ہلائنگ نے مقدس مہابودھی مندر کا دورہ کیا، جو بدھ مت کے ماننے والوں کے لیے ایک اہم زیارت گاہ اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل مقام ہے۔
میانمار کے صدر کا یہ دورہ 30 مئی سے 2 جون تک جاری رہے گا۔ یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہو رہا ہے اور موجودہ حیثیت میں صدر بننے کے بعد یو من آنگ ہلائنگ کا یہ پہلا دورۂ ہندوستان ہے۔صدر کے ہمراہ کابینہ کے وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام اور نمایاں کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے۔جمعہ کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی مجوزہ بات چیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ سرحدی سلامتی، رابطہ کاری اور دیگر امور سمیت میانمار اور ہندوستان کے تعلقات کے تمام پہلو زیرِ بحث آئیں گے۔ ہمارا مقصد دوستانہ اور تہذیبی تعلقات کو مزید آگے بڑھانا ہے۔
رندھیر جیسوال نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دورے کے پروگرام میں کاروباری سرگرمیوں کو خاص اہمیت دی گئی ہے تاکہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔صدر یو من آنگ ہلائنگ کے اس اہم دورے میں سفارتی ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ تجارتی اور ثقافتی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔
یکم جون کو صدر یو من آنگ ہلائنگ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ باضابطہ دوطرفہ مذاکرات کریں گے، جن میں تاریخی تعلقات اور باہمی تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے بعد وہ نئی دہلی میں منعقد ہونے والے خصوصی کاروباری فورم میں بھی شرکت کریں گے۔
یہ دورہ 2 جون کو ملک کے مالیاتی مرکز ممبئی میں اختتام پذیر ہوگا، جہاں صدر بھاری صنعتوں سے متعلق سرگرمیوں، کاروباری ملاقاتوں اور مختلف صنعتی مقامات کے دوروں میں حصہ لیں گے۔