بودھ گیامیں میانمار کے صدرکا استقبال

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 30-05-2026
بودھ گیامیں میانمار کے صدرکا استقبال
بودھ گیامیں میانمار کے صدرکا استقبال

 



بودھ گیا (بہار): میانمار کے صدر یو من آنگ ہلائنگ ہفتہ کے روز بہار کے شہر بودھ گیا پہنچے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ان کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہندوستان اور میانمار کے درمیان تہذیبی اور روحانی تعلقات کو اجاگر کیا۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں رندھیر جیسوال نے بتایا کہ میانمار کے صدر کا بودھ مت کے اہم روحانی مرکز میں پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں بہار کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل سید عطاء حسنین (ریٹائرڈ) نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔ پوسٹ میں کہا گیا: "میانمار کے صدر یو من آنگ ہلائنگ کا بودھ گیا آمد پر پرتپاک خیرمقدم ہے۔ ہوائی اڈے پر معزز گورنر بہار لیفٹیننٹ جنرل سید عطاء حسنین (ریٹائرڈ) نے ان کا استقبال کیا۔" پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ دورہ: "ہمارے دونوں ممالک کو جوڑنے والے مضبوط روحانی، تاریخی اور عوامی روابط اور جاری تعاون کی گہرائی کی عکاسی کرتا ہے۔"

بودھ گیا پہنچنے کے فوراً بعد صدر یو من آنگ ہلائنگ نے مہابودھی مندر کا دورہ کیا، جو بدھ مت کے ماننے والوں کے لیے ایک اہم زیارت گاہ اور یونیسکو عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل مقام ہے۔ میانمار کے صدر کا یہ دورہ 30 مئی سے 2 جون تک جاری رہے گا۔ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہندوستان آئے ہیں۔

صدر کی حیثیت سے یہ ان کا پہلا سرکاری دورۂ ہندوستان ہے۔ ان کے ہمراہ کابینہ کے وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام اور ممتاز کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے۔ جمعہ کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت کا دائرہ وسیع ہوگا۔

انہوں نے کہا: سرحدی سلامتی، رابطہ کاری اور دیگر تمام امور جو ہندوستان اور میانمار کے تعلقات کا حصہ ہیں، زیرِ بحث آئیں گے۔ ہمارا مقصد دونوں ممالک کے دوستانہ اور تہذیبی تعلقات کو مزید آگے بڑھانا ہے۔ جیسوال نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس دورے کے پروگرام میں ایک اہم تجارتی پہلو شامل کیا گیا ہے تاکہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ صدر یو من آنگ ہلائنگ کے اس اہم دورے میں ہندوستان کے مختلف شہروں کا سفر، سفارتی ملاقاتیں، تجارتی سرگرمیاں اور ثقافتی پروگرام شامل ہوں گے۔