میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر کوئی انصاف نہیں ملا: ہیومن رائٹس واچ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-05-2026
میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر کوئی انصاف نہیں ملا: ہیومن رائٹس واچ
میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام پر کوئی انصاف نہیں ملا: ہیومن رائٹس واچ

 



ڈھاکہ:ہیومن رائٹس واچ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ میانمار کی ریاست رخائن میں آراکان آرمی کے ہاتھوں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے 2 سال بعد بھی متاثرین اپنے گھروں کو واپس نہیں جا سکے ہیں جبکہ کئی افراد عملاً قید کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

ہیومن رائٹس واچ کی 56 صفحات پر مشتمل رپورٹ ’’ہر طرف بکھری ہوئی ہڈیاں اور کھوپڑیاں۔ میانمار کے ہوئیار سیری میں آراکان آرمی کے ہاتھوں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام‘‘ میں 2 مئی 2024 کے حملے کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آراکان آرمی کے اہلکاروں نے غیر مسلح دیہاتیوں پر جان بوجھ کر فائرنگ کی تھی۔ یہ لوگ اس وقت محفوظ مقام کی تلاش میں تھے جب آراکان آرمی نے علاقے میں میانمار فوج کے 2 ٹھکانوں پر پیش قدمی کی تھی۔

آراکان آرمی نے ہوئیار سیری گاؤں میں ہونے والے قتل عام کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے کی تفصیلات ایک سال بعد سامنے آنا شروع ہوئیں جب کچھ متاثرین بنگلہ دیش اور ملیشیا فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

ہیومن رائٹس واچ کی نائب ایشیا ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے کہا کہ 2024 میں رخائن ریاست میں سیکڑوں روہنگیا شہریوں کا قتل اور ان کے گاؤں کو نذر آتش کرنا میانمار کی فوجی حکومت کے خلاف جاری جنگ کو انتہائی سفاک مرحلے میں لے گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی قتل عام کے متاثرین آراکان آرمی کی حراست میں ہیں اور نہ تو انہیں انصاف ملا ہے اور نہ ہی ذمہ دار افراد کا احتساب کیا گیا ہے۔

ہیومن رائٹس واچ نے درجنوں عینی شاہدین اور متاثرین سے گفتگو کی۔ ادارے نے سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے واقعات کی تصدیق کی اور تصاویر و ویڈیوز کا بھی تجزیہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق نومبر 2023 میں میانمار فوج اور آراکان آرمی کے درمیان رخائن ریاست میں دوبارہ جھڑپیں شروع ہوئیں۔ دونوں فریقوں پر شہریوں کو نشانہ بنانے آگ لگانے اور جبری بھرتی جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق آراکان آرمی نے پہلے ان شہریوں پر فائرنگ کی جو سفید جھنڈے لہراتے ہوئے گاؤں چھوڑ رہے تھے۔ ایک شخص نے بتایا کہ پہلے اس کے بیٹے کو گولی لگی پھر اس کی بیوی اور شیر خوار بیٹی کو نشانہ بنایا گیا اور بعد میں دوسری بیٹی کو بھی گولی مار دی گئی۔

ایک خاتون نے بتایا کہ جنگجوؤں نے لوگوں کو مسجد کے قریب دھان کے کھیت میں جمع کیا اور چند منٹ بعد اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو نہیں بخشا گیا۔ ان کے شوہر کو گولی لگی اور جب حملہ آوروں نے دیکھا کہ وہ زندہ ہیں تو قریب آ کر مزید گولیاں ماریں۔

ہیومن رائٹس واچ نے 170 سے زائد افراد کی فہرست تیار کی ہے جو قتل ہوئے یا لاپتہ ہیں۔ ان میں تقریباً 90 بچے شامل ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

تنظیم نے گاؤں کے 3 مختلف مقامات پر انسانی باقیات کی تصاویر اور ویڈیوز کی تصدیق بھی کی۔ کچھ مقامات پر عام شہریوں کے کپڑے بھی نظر آئے۔ سیٹلائٹ تصاویر سے یہ بھی ثابت ہوا کہ آراکان آرمی نے گاؤں کو آگ لگا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق جنگجوؤں نے دیہاتیوں سے نقدی اور زیورات بھی لوٹے۔ ایک شخص نے بتایا کہ حراست کے دوران اسے اور دیگر افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جن میں بجلی کے جھٹکے دینا بھی شامل تھا۔

کئی گواہوں نے الزام لگایا کہ آراکان آرمی نے روہنگیا خواتین اور لڑکیوں کو اغوا بھی کیا۔

فروری 2025 میں آراکان آرمی نے ہوئیار سیری کے تمام زندہ بچ جانے والے افراد کو قریبی عارضی کیمپ میں منتقل ہونے کا حکم دیا۔ بعد میں بنگلہ دیش فرار ہونے والے افراد نے بتایا کہ انہیں نقل و حرکت کی آزادی نہیں دی گئی اور جبری مشقت کے ساتھ خوراک اور طبی سہولتوں کی شدید قلت کا سامنا تھا۔

متاثرین کے مطابق اگست میں آراکان آرمی نے میڈیا کے ایک کنٹرول شدہ دورے کا اہتمام کیا جس میں متاثرین کو مجبور کیا گیا کہ وہ جھوٹی گواہی دیں تاکہ شہریوں کے قتل سے آراکان آرمی کو بری قرار دیا جا سکے۔

ہیومن رائٹس واچ کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران میانمار فوج رخائن ریاست میں نسلی صفائی نسل کشی اور دیگر مظالم کی مرتکب رہی ہے جس کے باعث 10 لاکھ سے زیادہ روہنگیا نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

تنظیم نے کہا کہ ہوئیار سیری کا قتل عام اس بات کا ثبوت ہے کہ رخائن ریاست میں روہنگیا پناہ گزینوں کی واپسی اب بھی محفوظ نہیں حتیٰ کہ ان علاقوں میں بھی نہیں جہاں آراکان آرمی کا کنٹرول ہے۔

ہیومن رائٹس واچ نے مطالبہ کیا کہ میانمار فوج اور آراکان آرمی فوری طور پر شہریوں پر حملے بند کریں غیر قانونی طور پر حراست میں لیے گئے تمام افراد کو رہا کریں اور متاثرین و ان کے خاندانوں کو انصاف فراہم کریں۔