افغانستان میں 6.3 شدت کے دوسرے زلزلے سے متعدد ہلاکتوں کا خدشہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-11-2025
افغانستان میں 6.3 شدت کے دوسرے زلزلے سے متعدد ہلاکتوں کا خدشہ
افغانستان میں 6.3 شدت کے دوسرے زلزلے سے متعدد ہلاکتوں کا خدشہ

 



 کابل : افغانستان میں پیر کو 6.3 شدت کا دوسرا زلزلہ آیا، جس کی تصدیق نیشنل سینٹر فار سیزمولوجی (این سی ایس) نے کی ہے۔یہ زلزلہ زمین کی سطح سے 23 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔زلزلے میں اب تک پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ملی ہے-

این سی ایس نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بتایا، ’’6.3 شدت کا زلزلہ، تاریخ: 03/11/2025، وقت: 01:59:02 (آئی ایس ٹی)، طول البلد: 67.50 مشرق، عرض البلد: 36.51 شمال، گہرائی: 23 کلومیٹر، مقام: افغانستان۔‘‘

ابتدائی رپورٹس کے مطابق، زلزلے کا مرکز مزارِ شریف اور خُلم کے قریب تھا۔ مقامی وقت کے مطابق یہ جھٹکے پیر کی صبح کے ابتدائی اوقات میں محسوس کیے گئے۔ شمالی افغانستان کے صوبہ بلخ کا دارالحکومت مزارِ شریف اس خطے کا ایک گنجان آباد شہر ہے۔

سی این این کے مطابق، امریکی ارضیاتی سروے (USGS) کے ماڈلز کا کہنا ہے کہ اس زلزلے کے نتیجے میں سینکڑوں ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔افغان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اپنے بیان میں کہا، ’’ملک کے کئی صوبے دوبارہ ایک شدید زلزلے سے لرز اٹھے، جو تقریباً رات 1 بجے آیا۔‘‘زلزلے کے جھٹکے تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان میں بھی محسوس کیے گئے، جو شمالی افغانستان کے ہمسایہ ممالک ہیں۔

مزارِ شریف کی ایک رہائشی خاتون نے سی این این کو بتایا کہ ’’ہم سب خوفزدہ ہو کر جاگ گئے۔ بچے چیختے ہوئے سیڑھیاں اُترنے لگے۔‘‘

رحیمہ نامی ایک سابق اسکول ٹیچر نے بتایا کہ ’’میں نے اپنی زندگی میں اتنا طاقتور زلزلہ کبھی محسوس نہیں کیا۔ کئی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور دیواروں کی پلستر اکھڑ گئی۔‘‘

یو ایس جی ایس پیجر سسٹم کے مطابق، ’’اہم جانی نقصان کا امکان ہے اور آفت بڑے پیمانے پر پھیل سکتی ہے۔ ماضی میں اس سطح کے زلزلوں کے بعد قومی یا علاقائی سطح پر امدادی کارروائیاں درکار ہوئی ہیں۔‘‘

اسی روز اس سے پہلے، افغانستان میں 3.9 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا تھا جو زمین کی سطح سے صرف 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا، جس سے بعد کے جھٹکوں (آفٹر شاکس) کا خطرہ بڑھ گیا۔

ماہرین کے مطابق، سطح کے قریب آنے والے زلزلے عام طور پر زیادہ خطرناک ہوتے ہیں کیونکہ ان کے جھٹکے زمین کی سطح تک زیادہ شدت کے ساتھ پہنچتے ہیں، جس سے عمارتوں کو زیادہ نقصان اور جانی نقصان کا امکان بڑھ جاتا ہے۔