ماسکو: افغان سفارت خانہ طالبان کے مقرر کردہ سفیر کے حوالے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-04-2022
ماسکو: افغان سفارت خانہ طالبان کے مقرر کردہ سفیر کے حوالے
ماسکو: افغان سفارت خانہ طالبان کے مقرر کردہ سفیر کے حوالے

 

 

ماسکو؛  افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہاربلخی کی ٹوکےمطابق آج ماسکو میں افغان سفارت خانہ طالبان کے مقرر کردہ سفارت کار کے حوالے کر دیا گیا۔

انہوں نے افغان سفارت کار کو تسلیم کرنے اور دو طرفہ تعلقات کو یقینی بنانے کے لیے افغان سفارت خانے کے کردار کو سہولت فراہم کرنے پر روس کا شکریہ ادا کیا۔ افغانستان میں طالبان حکومت کے سفارت کار کو تسلیم کرنے کے ایک ہفتے سے زیادہ عرصے کے بعد روس کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پہلے سفارت کار کی اسناد سفارت کو قبول کرنے کا مطلب موجودہ کابل حکومت کو تسلیم کرنا نہیں۔ نیوز ویب سائٹ دا پرنٹ ڈاٹ ان نے طلوع نیوز کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا کا کہنا تھا کہ’افغانستان میں طالبان انتظامیہ کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے کے بارے میں بات کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔‘ کابل کا کہنا ہے کہ وہ متوازن پالیسی کے ذریعے دوسرے ملکوں کے ساتھ تعلقات رسمی شکل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ طالبان حکومت کے نائب ترجمان انعام اللہ سمنگانی نے کہا کہ روس کے ساتھ سفارتی تعلقات افغان حکومت کے لیے اہم ہیں۔

واضح رہے کہ کسی ملک نے طالبان حکومت کو ابھی تک سرکاری طور پر تسلیم نہیں کیا لیکن ازبکستان، پاکستان، ترکمانستان، چین اور روس جیسے ملک طالبان کے سفارت کاروں کو قبول کر چکے ہیں۔ طلوع نیوز کے مطابق افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے چین میں اجلاس کے بعد روسی وزیر خارجہ سرگےلاووروف نے ماسکو میں افغان سفارت خانے میں طالبان کے پہلے سفارت کار کا استقبال کیا تھا۔ طالبان کی حکومت کو ابھی تک دنیا کے کسی بھی ملک نے تسلیم نہیں کیا تاہم افغانستان میں حکمران طالبان نے بین الاقوامی تنہائی سے نکلنے کا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔ وہ اپنی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کروانے کے لیے ہمسایہ ممالک اور دیگر کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کر رہے ہیں