آکلینڈ : وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو مقامی وقت کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں اپنے اعزاز میں منعقدہ گالا ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین برس کے دوران ہندستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو طرفہ تجارت میں پچاس فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ حال ہی میں طے پانے والا آزاد تجارتی معاہدہ آئندہ پانچ برس میں اس تجارت کو دوگنا کرنے کی مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔
نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن کی جانب سے دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے نیوزی لینڈ کی جانب سے ہندستان میں 20 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا خیر مقدم بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نیوزی لینڈ کی کمپنیوں کو ہندستان کی ترقی کے سفر میں طویل مدتی شراکت دار بننے کے نئے مواقع حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا۔"اس سال ہم نے ریکارڈ مدت میں آزاد تجارتی معاہدہ طے کیا ہے۔ اس کامیابی سے دونوں ممالک کی صنعتوں کسانوں اور نوجوانوں کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔ تجارت کے ساتھ ساتھ ہم اعتماد ٹیکنالوجی اور صلاحیتوں پر مبنی مستقبل کا خاکہ بھی تیار کر رہے ہیں۔ گزشتہ تین برس میں ہماری دو طرفہ تجارت میں پچاس فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ آئندہ پانچ برس میں یہی معاہدہ تجارت کو دوگنا کرنے کی مضبوط بنیاد بنے گا۔ ہم ہندستان میں نیوزی لینڈ کی جانب سے 20 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے عزم کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں۔ اس سے نیوزی لینڈ کی کمپنیاں ہندستان کی ترقی کی کہانی کا طویل مدتی حصہ بن سکیں گی۔"
وزیر اعظم مودی نے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن کی جانب سے اپنے اور ہندستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کے عوام کی محبت اور اپنائیت ہمیشہ ان کے دلوں میں محفوظ رہے گی۔انہوں نے کہا۔"میں اپنے دوست وزیر اعظم لکسن کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے میرے اور میرے وفد کا نہایت گرمجوشی سے استقبال کیا۔ آپ کے خیر مقدم کے جوش و خروش نے آکلینڈ کی سردی کو بھی کم محسوس کرایا۔ اس سفر کے دوران نیوزی لینڈ کے عوام نے جس محبت اور اپنائیت کا اظہار کیا وہ ہمیشہ ہماری یادوں میں رہے گی۔"
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ برس وزیر اعظم لکسن کے ہندستان کے دورے نے دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی توانائی پیدا کی تھی جبکہ ان کا موجودہ دورہ تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔انہوں نے کہا۔"وزیر اعظم لکسن کے گزشتہ برس ہندستان کے دورے نے ہمارے ہر شعبۂ تعاون میں نئی جان ڈال دی۔ ان کی قیادت واضح وژن اور مضبوط عزم نے ہندستان اور نیوزی لینڈ کی دوستی کو نئی رفتار اور نئی سمت دی ہے۔ آج چالیس برس بعد کوئی ہندستانی وزیر اعظم نیوزی لینڈ آیا ہے۔ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ میرے پیش رو بہت سے اچھے کام میرے لیے چھوڑ گئے تھے جنہیں میں مکمل کر رہا ہوں۔ یہ ہمارے تعلقات کے ایک نئے باب کی شروعات ہے۔"
وزیر اعظم مودی نے دونوں ممالک کے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک بلند کیے جانے کو تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں جمہوری ممالک نے واضح اہداف اور عملی نتائج کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھانے کا عزم کیا ہے۔
انہوں نے کہا۔"ہندستان اور نیوزی لینڈ کا جمہوری اقدار پر مشترکہ یقین ہمیں قدرتی شراکت دار بناتا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں ہم نے اپنے تعلقات کو غیر معمولی رفتار دی ہے۔ آج کی ملاقات میں ہم نے اپنے تعاون کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک لے جانے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت ہم ہر شعبے میں واضح اہداف اور ٹھوس نتائج کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔"وزیر اعظم نے اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت ترجیحی شعبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مالی ٹیکنالوجی زرعی شعبے ڈیری اور غذائی مصنوعات کی تیاری میں عملی تعاون کو فروغ دیں گے۔
انہوں نے کہا۔"ہم اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مؤثر بنانے کے لیے دونوں ممالک کی صلاحیتوں کو عملی تعاون میں تبدیل کر رہے ہیں۔ مالی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہندستان کے یو پی آئی نظام کو نیوزی لینڈ کے ادائیگی کے نظام سے جوڑنے کی سمت میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ زراعت ڈیری اور غذائی مصنوعات کی تیاری کے شعبوں میں بھی ہم نے تعاون کا مضبوط خاکہ تیار کیا ہے جس سے ہمارے کسانوں اور مویشی پالنے والوں کو فائدہ پہنچے گا۔"
ہفتہ کو ہندستان اور نیوزی لینڈ نے اپنے دو طرفہ تعلقات کو باضابطہ طور پر اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک بلند کرنے کا اعلان کیا اور ہندستان۔نیوزی لینڈ اسٹریٹجک شراکت داری روڈ میپ 2030 کو بھی اختیار کیا۔ اس دستاویز کے تحت آئندہ چار برسوں میں تجارت زراعت سلامتی اختراع اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے جامع منصوبہ طے کیا گیا ہے۔
مشترکہ بیان کے مطابق دونوں وزرائے اعظم نے دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک لے جانے کا فیصلہ کیا اور ہندستان۔نیوزی لینڈ اسٹریٹجک شراکت داری روڈ میپ 2030 کی توثیق کی جو آئندہ چار برس کے لیے مشترکہ اقدامات کی رہنمائی کرے گا۔مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے ایک طویل مدتی اور جامع وژن پر بھی اتفاق کیا جس کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندی تک پہنچانا موجودہ تعاون کو مزید مضبوط کرنا اور دو طرفہ و کثیر جہتی سطح پر تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی 10 اور 11 جولائی کو نیوزی لینڈ کے سرکاری دورے پر ہیں۔ یہ دورہ وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن کی دعوت پر انجام دیا جا رہا ہے اور گزشتہ چالیس برس میں کسی ہندستانی وزیر اعظم کا نیوزی لینڈ کا پہلا دورہ ہے۔