مودی کے دوروں سے دفاعی شراکت مضبوط ہوئی: شرنگلا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 10-07-2026
مودی کے دوروں سے دفاعی شراکت مضبوط ہوئی: شرنگلا
مودی کے دوروں سے دفاعی شراکت مضبوط ہوئی: شرنگلا

 



نئی دہلی: راجیہ سبھا کے رکن اور سابق خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا نے جمعہ کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے انڈونیشیا اور آسٹریلیا کے دوروں کو جاپان کی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی کے حالیہ دورۂ ہندوستان کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے، کیونکہ ان دوروں کے دوران دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔

اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے شرنگلا نے کہا کہ اس پورے سفارتی سلسلے میں بحری سلامتی اور دفاعی تعاون سب سے اہم پہلو ہے۔ انہوں نے کہا، ’’جب ہم وزیر اعظم مودی کے انڈونیشیا اور آسٹریلیا کے دوروں کو دیکھتے ہیں تو انہیں جاپان کی وزیر اعظم کے حالیہ دورۂ ہندوستان کے ساتھ جوڑ کر دیکھنا چاہیے۔

دفاع اور سلامتی کے میدان میں ہم نے تین انتہائی اہم شراکت دار ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے اور متعدد اہم معاہدوں کو حتمی شکل دی ہے۔‘‘ شرنگلا نے کہا کہ جاپان کے ساتھ بحری سلامتی اور دفاعی تعاون اس دورے کا اہم حصہ تھا، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان بحری سلامتی اور دفاع سے متعلق معاہدہ طے پایا۔ اسی طرح انڈونیشیا کے ساتھ بھی اسی نوعیت کی حکمت عملی اپنائی گئی، جس سے ان شعبوں میں دونوں ممالک کے تعاون میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے حالیہ دورے کے دوران بھی مشترکہ دفاعی معاہدہ طے پایا، جس سے بحری تعاون، فوجی مشقوں، تربیت اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔ ان کے مطابق آسٹریلیا، انڈونیشیا اور جاپان کے ساتھ دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید وسیع ہوگا۔ سابق خارجہ سکریٹری نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے آسٹریلیا کے دورے کے دوران یورینیم سے متعلق معاہدے کو بھی عملی شکل دے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن، خاص طور پر کانگریس، یہ دعویٰ کرتی ہے کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان جوہری معاہدہ 2011 میں ہوا تھا اور یہ کوئی نئی پیش رفت نہیں ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کے بعد برسوں تک اس پر کوئی عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔ اب وزیر اعظم مودی کے دورے کے دوران اس معاہدے پر عمل درآمد کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں اور آسٹریلیا سے ہندوستان کو یورینیم کی فراہمی کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔

شرنگلا نے کہا کہ پہلی مرتبہ آسٹریلیا سے ہندوستان کو یورینیم کی سپلائی شروع ہوگی، جو ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ ہندوستان کئی برسوں سے اس کی کوشش کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد آسٹریلیا کے ساتھ دفاع، سلامتی، قدرتی وسائل اور کوئلے سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات نمایاں طور پر مضبوط ہوئے ہیں، اور اب یورینیم بھی اس شراکت داری کا ایک اہم حصہ بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا ہدف ہے کہ 2047 تک اپنی جوہری توانائی کی پیداواری صلاحیت 100 گیگاواٹ تک پہنچائے، جبکہ اس وقت یہ تقریباً 8 گیگاواٹ ہے۔ اس مقصد کے لیے یورینیم کی مسلسل فراہمی ضروری ہے، اور آسٹریلیا کے ساتھ معاہدہ اس سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ شرنگلا نے کہا کہ کواڈ (Quad) کے تناظر میں بھی یہ دورے نہایت اہم ہیں، کیونکہ جاپان اور آسٹریلیا اس گروپ کے اہم رکن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کواڈ کے وزرائے خارجہ کی سطح پر اجلاس بھی ہوا تھا اور اب جاپان اور آسٹریلیا کے ساتھ دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس سلسلے میں انڈونیشیا کو بھی شامل کیا جائے تو ہندوستان نے مشرقی بحرِ ہند اور ہند-بحرالکاہل خطے میں ایک مضبوط دفاعی اور سلامتی تعاون کا دائرہ قائم کر لیا ہے، جو ملک کی ایکٹ ایسٹ پالیسی اور ساگر (SAGAR) وژن کو آگے بڑھانے میں نہایت اہم کردار ادا کرے گا۔