مودی 'بہت سخت' اور 'عظیم لیڈر' ہیں: ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-06-2026
مودی 'بہت سخت' اور 'عظیم لیڈر' ہیں: ٹرمپ
مودی 'بہت سخت' اور 'عظیم لیڈر' ہیں: ٹرمپ

 



نئی دہلی
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے انہیں "عظیم رہنما" اور "انتہائی مضبوط شخصیت" قرار دیا اور کہا کہ وہ گزشتہ 12 برس سے زیادہ عرصے سے اقتدار میں ہیں۔
ٹرمپ نے خبر رساں ویب سائٹ ایکسیوس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شی جن پنگ اور نریندر مودی کو اثر و رسوخ، طاقت اور نتائج فراہم کرنے کی صلاحیت کے اعتبار سے اپنے دو پسندیدہ عالمی رہنماؤں میں شمار کیا۔جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ طاقت، اثر و رسوخ اور نتائج دینے کی صلاحیت کے لحاظ سے ان کے دو پسندیدہ رہنما کون ہیں تو انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں مودی بہت اچھے ہیں۔ ہندوستان کے بارے میں کچھ نہایت مثبت اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ وہ جنگ سے دور رہتے ہیں، جو ایک دانشمندانہ حکمتِ عملی ہے۔ وہ ڈیڑھ ارب لوگوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ ہندوستان واقعی دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے اور مودی ایک عظیم رہنما ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور ہندوستان کے درمیان بڑے پیمانے پر تجارتی تعلقات ہیں، تاہم ماضی میں ہندوستان "امریکہ سے غیر منصفانہ فائدہ اٹھاتا تھا"۔انہوں نے کہا کہ ہم ان کے ساتھ بہت زیادہ تجارت کرتے ہیں، لیکن اب تجارت منصفانہ انداز میں ہو رہی ہے۔ پہلے انہیں ہم سے کہیں زیادہ فائدہ حاصل ہوتا تھا۔ میں اس کے لیے انہیں موردِ الزام نہیں ٹھہراتا۔ ہمارے پاس ایسے نادان رہنما تھے جنہوں نے ایسا ہونے دیا، لیکن اس کے باوجود آج بھی ہمارے درمیان وسیع پیمانے پر تجارت جاری ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ اس صورتحال سے زیادہ خوش نہیں ہیں کیونکہ پہلے انہیں اس سے کہیں زیادہ فائدہ حاصل ہوتا تھا۔امریکی صدر نے چینی صدر شی جن پنگ کو بھی ایک بااثر، پُراعتماد اور مضبوط قد و قامت کے حامل رہنما قرار دیا۔