ٹرمپ کا نیا دعوی ۔ مودی نےیقین دلایا کہ روس سے تیل نہیں خریدے گاہندوستان

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 16-10-2025
 ٹرمپ کا نیا دعوی ۔  مودی نےیقین دلایا کہ روس سے تیل نہیں خریدے گاہندوستان
ٹرمپ کا نیا دعوی ۔ مودی نےیقین دلایا کہ روس سے تیل نہیں خریدے گاہندوستان

 



واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ہندوستان روس سے تیل کی خریداری بند کر دے گا۔ انہوں نے اس اقدام کو ماسکو پر عالمی دباؤ بڑھانے کی کوششوں میں "ایک بڑا قدم" قرار دیا۔ٹرمپ نے یہ بات اوول آفس میں ایف بی آئی ڈائریکٹر کش پٹیل کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس کے دوران کہی، جہاں دونوں نے تشدد اور جرائم کو کم کرنے کے لیے انتظامیہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

ایک سوال کے جواب میں کہ کیا وہ ہندوستان کو قابل اعتماد شراکت دار سمجھتے ہیں، ٹرمپ نے کہا کہ ہاں، مودی میرے دوست ہیں اور ہمارا بہت اچھا تعلق ہے۔ میں ہندوستان کی روس سے تیل خریداری پر خوش نہیں تھا اور آج انہوں نے مجھے یقین دلایا کہ وہ روس سے تیل نہیں خریدیں گے۔ یہ ایک بڑا قدم ہے۔ اب ہمیں چین کو بھی ایسا کرنے پر مجبور کرنا ہوگا۔

ٹرمپ نے ہندوستان کی سابقہ روسی تیل کی خریداری پر تنقید کی اور کہا کہ ہم اس سے خوش نہیں تھے کیونکہ اس سے روس کو اس جنگ کو جاری رکھنے میں مدد ملتی ہے، جس میں ایک لاکھ پچاس ہزار لوگ ہلاک ہو چکے ہیں، زیادہ تر فوجی۔انہوں نے کہا کہ یہ جنگ کبھی شروع نہیں ہونی چاہیے تھی اور روس کو یہ جنگ پہلے ہفتے میں جیتنی چاہیے تھی، لیکن وہ چوتھے سال میں داخل ہو گئے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ یہ جنگ ختم ہو، اسی لیے میں ہندوستان کی تیل خریداری سے خوش نہیں تھا۔ٹرمپ نے کہا کہ آج مودی نے یقین دلایا کہ وہ روس سے تیل نہیں خریدیں گے، اور یہ ایک بڑا قدم ہے۔ اب چین کو بھی ایسا کرنا ہوگا۔

اپنی حالیہ سفارتی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کام مشرق وسطیٰ میں گزشتہ ہفتے کیے گئے اقدامات کے مقابلے میں نسبتا آسان ہے۔ مشرق وسطیٰ کا مسئلہ تین ہزار سال پرانا تھا اور ہم نے اسے حل کیا، جبکہ یہ تنازع تین سال سے جاری ہے۔روس اور یوکرین کے تنازع کے حل کے بارے میں خوش بینی کا اظہار کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم اسے حل کر لیں گے۔ میں سمجھتا ہوں کہ صدر پوتن اسے حل کرنا چاہتے ہیں، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔مسکو اور کیف کے درمیان کشیدگی پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ پوتن اور زیلنسکی کے درمیان شدید دشمنی ہے اور یہ عمل کو متاثر کر رہی ہے۔