تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے دوران ایرانی وفد شدید نفسیاتی دباؤ میں تھا کیونکہ ہر وقت یہ خدشہ رہتا تھا کہ اجلاس یا مذاکراتی مقام پر حملہ ہو سکتا ہے۔
مہر نیوز ایجنسی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عباس عراقچی نے بتایا کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف سے براہ راست اس صورتحال کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے وٹکوف سے پوچھا کہ کیا وہ کبھی ایسے اجلاس میں شریک ہوئے ہیں جہاں ہر لمحہ یہ احساس ہو کہ کسی بھی وقت پورا اجلاس بمباری کا نشانہ بن سکتا ہے۔ کیا کبھی فون پر اپنے اہل خانہ سے بات کرتے ہوئے یہ خیال آیا کہ شاید یہ آخری گفتگو ہو۔
عراقچی کے مطابق مسلسل دھمکیوں کے باوجود ایران اپنے مؤقف پر قائم رہا اور یورینیم افزودگی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے امریکی مطالبے کو قبول نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب امریکہ اور اس کے اتحادی مذاکرات کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہ کر سکے تو انہوں نے جنگ کا راستہ اختیار کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن دھمکیوں یا دباؤ کے ذریعے کسی معاہدے پر آمادہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے گزشتہ سال جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے ایران سے رابطہ کیا تھا اور اس کے بعد مختلف ذرائع سے رابطے برقرار رہے۔
عباس عراقچی نے مزید دعویٰ کیا کہ حالیہ 12 روزہ جنگ میں امریکہ اور اسرائیل اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے اور ایران کی قیادت امریکی دباؤ سے مرعوب نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا نظام کسی ایک شخصیت پر منحصر نہیں بلکہ مختلف اداروں پر مشتمل ہے۔ اس لیے کسی ایک رہنما کو ہٹانے سے پورا نظام نہیں ٹوٹ سکتا۔
ادھر امریکہ اور ایران کے درمیان پہلے ہونے والی جنگ بندی ختم ہو چکی ہے اور امریکی افواج نے پیر کو مسلسل نویں روز ایران میں فضائی حملے کیے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی ان صلاحیتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر حملوں کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔ تاہم حملوں کے مقامات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نے دعویٰ کیا ہے کہ پیر کی صبح امریکی میزائل حملوں میں تبریز۔ چابہار۔ کنارک۔ بندر ماہشہر اور بندر امام خمینی سمیت کئی شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔
اسی دوران اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے شام کے علاقے التنف میں دشمن کے خصوصی آپریشنز کے ہیڈکوارٹر پر جوابی کارروائی کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران نے کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر حملہ آور ڈرونز بھیجے ہیں۔
نوٹ: اس خبر میں ایران اور امریکہ سے متعلق متعدد دعوے شامل ہیں جن کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
(اے این آئی)