ماریشس کے وزیر اعظم نےمودی کے ساتھ بات چیت کو 'تعمیری' قرار دیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-02-2026
ماریشس کے وزیر اعظم نےمودی کے ساتھ  بات چیت کو 'تعمیری' قرار دیا
ماریشس کے وزیر اعظم نےمودی کے ساتھ بات چیت کو 'تعمیری' قرار دیا

 



نئی دہلی: ماریشس کے وزیر اعظم نوین رام گولام نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہونے والی ’’تعمیری‘‘ بات چیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے ہندوستان میں منعقد ہونے والے اے آئی امپیکٹ سمٹ کے دوران ہندوستان اور ماریشس کے درمیان تعاون کو مزید گہرا بنانے کے خواہاں ہیں۔
نوین رام گولام نے مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ماریشس کی جانب سے ہندوستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا اس تعمیری تبادلۂ خیال کے لیے شکریہ۔ ماریشس اور ہندوستان ترقی، اختراع اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون کو مضبوط بنانے کے معاملے میں مضبوطی سے ہم آہنگ ہیں۔ میں آئندہ ہفتے ہندوستان میں ہونے والے اے آئی امپیکٹ سمٹ میں اس تعاون کو مزید وسعت دینے کا منتظر ہوں۔
پیر کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو ماریشس کے اپنے ہم منصب کی جانب سے ایک ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر تعاون میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم مودی نے آئندہ ہفتے منعقد ہونے والے اے آئی امپیکٹ سمٹ کے لیے ماریشس کے وزیر اعظم کا ہندوستان میں خیر مقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان خصوصی، تاریخی اور عوامی سطح پر قائم تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
وزیر اعظم مودی نے اپنی پوسٹ میں کہا كہ اپنے دوست، وزیر اعظم ڈاکٹر نوین چندرا رام گولام کی جانب سے فون کال موصول ہونے پر خوشی ہوئی۔ ہم نے گزشتہ برس وارانسی میں ہونے والی یادگار ملاقات کے بعد سے ہندوستان اور ماریشس کے درمیان وسیع تر تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ان خصوصی، تاریخی اور عوامی نوعیت کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا جو ہمارے دونوں ممالک کو متحد کرتے ہیں۔ ہندوستان اور ماریشس بحرِ ہند کے خطے میں امن اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ میں آئندہ ہفتے اے آئی امپیکٹ سمٹ کے لیے ہندوستان میں ان کا خیر مقدم کرنے کا منتظر ہوں۔
گزشتہ سال ستمبر میں، ماریشس کے وزیر اعظم نوین رام گولام کے سرکاری دورۂ ہندوستان کے دوران، ہندوستان نے ماریشس کو 680 ملین امریکی ڈالر سے زائد کا ایک جامع خصوصی اقتصادی پیکیج فراہم کیا تھا اور متعدد معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، جس کے نتیجے میں سات مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدے سائنس و ٹیکنالوجی، سمندری تحقیق، عوامی انتظامیہ، توانائی، چھوٹے ترقیاتی منصوبے، ہائیڈروگرافی اور خلائی تعاون سمیت مختلف شعبوں پر مشتمل تھے۔