وینزویلا میں زلزلوں کے بعد میڈیا تک مکمل رسائی بحال کی جائے: اقوام متحدہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-06-2026
وینزویلا  میں زلزلوں کے بعد میڈیا تک مکمل رسائی بحال کی جائے: اقوام متحدہ
وینزویلا میں زلزلوں کے بعد میڈیا تک مکمل رسائی بحال کی جائے: اقوام متحدہ

 



کاراکاس
اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے جمعرات کو وینزویلا سے مطالبہ کیا کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور نیوز نیٹ ورکس تک رسائی کو فوری طور پر بحال کرے۔ ماہرین نے کہا کہ تباہ کن دوہرے زلزلوں کے بعد معلومات تک رسائی کا موجودہ بحران ’’زندگی اور موت کا مسئلہ‘‘ بن چکا ہے۔
وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز کے مطابق ملک میں زلزلوں سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم 164 ہو گئی ہے، جبکہ 971 افراد زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق حکام کو خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے، کیونکہ بڑی تعداد میں عمارتیں تباہ یا شدید متاثر ہوئی ہیں اور امدادی ٹیمیں اب بھی تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ روڈریگیز نے بتایا کہ مرکزی زلزلوں کے بعد اب تک کم از کم 30 آفٹر شاکس بھی محسوس کیے جا چکے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق بدھ کو ایک ہی علاقے میں آنے والے دونوں زلزلوں کی شدت بالترتیب 7.2 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی۔ شدید جھٹکوں کے باعث دارالحکومت کاراکاس میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں، جبکہ حکام نے ملک کے مرکزی ہوائی اڈے کو بھی بند کر دیا۔
وینزویلا سے متعلق اقوامِ متحدہ کے آزاد بین الاقوامی فیکٹ فائنڈنگ مشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک ایسے ملک کے لیے جو پہلے ہی بے شمار چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، یہ ایک انتہائی تباہ کن دھچکا ہے۔‘‘ مشن نے حکومت پر زور دیا کہ اس بڑے سانحے سے نمٹنے کے قومی اور بین الاقوامی اقدامات میں انسانی حقوق کو بنیادی رہنما اصول بنایا جائے۔
ماہرین نے کہا کہ پہلے اور انتہائی اہم قدم کے طور پر ضروری ہے کہ ملک کا ٹیلی کمیونی کیشن ریگولیٹر کوناٹیل  سوشل میڈیا اور تمام میڈیا اداروں تک رسائی مکمل طور پر بحال کرے۔انہوں نے زور دیا کہ ایسے شدید قدرتی سانحے کے بعد مواصلاتی ذرائع کو کھلا رکھنا ’’زندگی اور موت کا مسئلہ‘‘ ثابت ہو سکتا ہے، اور اس حوالے سے فوری اقدام نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
یہ آزاد ماہرین اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے مینڈیٹ کے تحت کام کرتے ہیں، تاہم وہ باضابطہ طور پر اقوامِ متحدہ کی نمائندگی نہیں کرتے۔میڈیا کی آزادی کے عالمی ادارے رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) نے نشاندہی کی کہ میڈیا آزادی کے عالمی اشاریے میں وینزویلا 180 ممالک میں 159ویں نمبر پر ہے۔ ادارے کے مطابق ملک میں برسوں سے ریاستی سطح پر میڈیا کی بندش اور آن لائن سنسرشپ کا سلسلہ جاری ہے۔
آر ایس ایف نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ نکولس مادورو کی حکومت کے دوران معلومات پر سخت کنٹرول اور میڈیا پر پابندیوں کے بعد، 2026 میں امریکہ کی مبینہ غیر قانونی فوجی مداخلت کے بعد صحافت اور معلومات تک رسائی پر عائد پابندیاں مزید سخت ہو گئیں۔
ادارے نے مزید کہا کہ 2026 کے اوائل میں گرفتار صحافیوں کی رہائی کے باوجود ملک میں صحافتی آزادی کے تحفظ کے حوالے سے شدید غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔