پہلگام کے قتلِ عام نے مجھے 7 اکتوبر کے قتلِ عام کی یاد دلائی۔۔۔‘‘ اسرائیلی وزیرِ خزانہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 09-09-2025
پہلگام کے قتلِ عام نے مجھے 7 اکتوبر کے قتلِ عام کی یاد دلائی۔۔۔‘‘ اسرائیلی وزیرِ خزانہ
پہلگام کے قتلِ عام نے مجھے 7 اکتوبر کے قتلِ عام کی یاد دلائی۔۔۔‘‘ اسرائیلی وزیرِ خزانہ

 



 نئی دہلی:  اسرائیل کے وزیر خزانہ بیزالیل سموترچ نے پیر کو کہا کہ پہلگام میں ہونے والا بھیانک دہشت گردانہ حملہ انہیں 7 اکتوبر کے ہولناک حملوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اسرائیل اور پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ انہوں نے دنیا سے اپیل کی کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب ایک ساتھ کھڑے ہوں۔

اے این آئی کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں سموترچ نے یروشلم میں اتوار کو پیش آنے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے کا ذکر کیا، جب دو دہشت گردوں نے ایک بس میں گھس کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا، ’’اسی دوران اسرائیل میں ایک دہشت گردانہ حملہ ہوا، ایک نہایت خوفناک حملہ... دو دہشت گرد بس میں سوار ہوئے اور مسافروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ چھ افراد مارے گئے اور دس زخمی ہوئے۔ جب میں نے یہ خبر سنی تو مجھے پہلگام کا قتلِ عام یاد آ گیا، اور پہلگام کے قتلِ عام نے مجھے 7 اکتوبر کے قتلِ عام کی یاد دلائی۔‘‘

خیال رہے کہ 22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے میں 26 نہتے شہری مارے گئے تھے، جس کے بعد بھارت نے 7 مئی کو ’’آپریشن سندور‘‘ کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر (PoJK) میں دہشت گردی کے ڈھانچے پر ہدفی کارروائی کی تھی۔

7 اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل پر بڑے پیمانے پر دہشت گردانہ حملہ کیا تھا، جس میں 1200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے 6 ستمبر کو ایک بیان میں کہا کہ 48 افراد اب بھی یرغمال ہیں۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق ان 48 میں سے تقریباً 20 کے زندہ ہونے کا امکان ہے۔

وزیر خزانہ سموترچ نے مزید زور دیا کہ دنیا کو دہشت گردی کے خلاف ایک ہو کر لڑنا ہوگا تاکہ ایک آزاد دنیا کو یقینی بنایا جا سکے، جو آزادی اظہار، مذہب اور جمہوریت جیسے اقدار کی حفاظت کرے اور ہر انسان کو عزت کے ساتھ جینے کا حق دے۔

انہوں نے کہا، ’’آخرکار یہ آزاد دنیا کی ایک ہی جنگ ہے، جو چاہتی ہے کہ ہر انسان باعزت زندگی گزارے، آزادی اور جمہوریت کے اقدار، آزادیٔ اظہار اور مذہب کی حفاظت ہو۔ اور اس کے مقابل وہ شیطانی طاقتیں ہیں جو ان سب کی دشمن ہیں۔ میرا یقین ہے کہ پوری آزاد دنیا کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا ہوگا، کیونکہ ایک دن یہ مجھے نشانہ بناتی ہے، دوسرے دن آپ کو، کبھی یورپ کو، کبھی امریکا کو۔ جو یہ سوچتے ہیں کہ یہ ان کے اوپر سے گزر جائے گی، شاید بہت دیر سے جاگیں۔‘‘

یروشلم حملے کے فوراً بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو نہتے شہریوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کے ساتھ زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

وزیر اعظم مودی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا: ’’یروشلم میں نہتے شہریوں پر دہشت گردوں کے بھیانک حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔ بھارت ہر طرح کی دہشت گردی اور اس کے تمام مظاہر کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف اپنی زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر قائم ہے۔‘‘