مسجد الحرام :ہر دن 50ہزار زائرین کریں گےعمرہ ۔ ڈیڑھ لاکھ نمازیوں کی ہوگی گنجائش

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-04-2021
مسجد الحرام
مسجد الحرام

 

 

جدہ ۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ دنیا بھر میں گھر گھر میں تیاریاں چل رہی ہیں ۔ساتھ ہی اللہ کے گھر یعنی مسجد الحرام یا حرم شریف میں بھی چل رہا اللہ کے بندوں کے استقبال کا انتظام ۔رمضان المبارک کے دوران عمرہ اورعبادت کےلئے مسجد الحرام میں تمام تر احتیاطی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔مسجد الحرام کی انتظامیہ 'حرمین پریذیڈینسی' کے مطابق مملکت رمضان المبارک کے دوران مسجد حرام میں نمازیوں ‌کی یومیہ تعداد ایک لاکھ اور عمرہ ادا کرنے والوں کی 50 ہزار تک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 رجسٹریشن ضروری ہوگا

 مسجد حرام میں نماز اور عمرہ کے لئے داخل ہونے والے تمام افراد کو 'توکلنا' ایپ کے ذریعے اپنا رجسٹریشن کرانا ہوگا اور کرونا ویکسین کی دو خوراکیں لینے یا پہلی خوراک لیے 14 دن گزر جانے کی تصدیق کرانا ہو گی۔ کرونا وبا سے متاثر ہونے کے بعد صحت یاب ہونے والے مریض بھی مسجد حرام میں نماز کے لئے آسکتے ہیں۔

مسجد الحرام میں نماز کے لئے اور عمرہ کے لئے رجسٹریشن کی خاطر صرف دو ہی ایپ 'اعتمرنا' اور 'توکلنا' مختص ہیں۔ عمرہ کے رجسٹریشن کے حوالے سے کسی آن لائن پلیٹ فارم کو استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

awazurdu

 گائڈ لائن پر عمل

 حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈینسی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے 1442ھ کے ماہ صیام کے موقعے پر حرمین میں نمازیوں اور معتمرین کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نہ صرف مسجد حرام بلکہ مسجد نبوی میں ‌بھی ضابطہ اخلاق وضع کیا گیا ہے جس پرعمل درآمد کرنا ضروری ہے۔

مہمانوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ ان کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے تمام اقدامات کئے گئے ہیں۔ حرم شریف میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے لئے کورونا ویکسین لازمی قراردی گئی ہے۔محکمہ صحت کے تعاون سے حرم شریف اور مسجد نبوی میں خدمات انجام دینے والے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کی مہم جاری ہے۔

پچاس ہزار صفائی رضاکار

حرم شریف میں سینیٹائزنگ کا عمل جاری رہے گا۔ مسجد حرام کو صاف ستھرا رکھنے اور جراثیم سے پاک کرنے کے لئے 5 ہزار رضا کاروں‌ پر مشتمل عملہ چوبیس گھنٹے مصروف رہے گا اور مسجد حرام میں چوبیس گھنٹے میں 10 بار جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا۔

awazurdu

 دس اسپتال اور 82 ہیلتھ سینٹرز

 مکہ ہیلتھ کمپلیکس نےرمضان کے دوران عمرہ زائرین کی خدمت کے لئے دس ہسپتال اور 82 ہیلتھ سینٹرز نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ اسپتال اور ہیلتھ سینٹرز کورونا وبا سے بچاؤ کے لئے مقررہ حفاظتی تدابیر کے ساتھ زائرین کو صحت سے متتعلق خدمات فراہم کریں گے۔ الحرم ایمرجنسی سینٹر 24 گھنٹے عمرہ زائرین اور مسجد الحرام نماز کے لئے آنے والوں کی خدمت کے لئے کھلے ہوں گے جبکہ ہیلتھ سینٹرز اور ہسپتالوں کے تمام شعبے مقررہ اوقات کار کی پابندی کرتے ہوئے زائرین کو صحت سے متعلق سہولتیں پیش کریں گے۔ 24 گھنٹے میں چار شفٹوں میں 6، 6 گھنٹے کی ڈیوٹیاں ہوں گی۔ ڈاکٹرز، نرسیں اور معاون طبی عملہ عمرہ زائرین اور نمازیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔