آگرہ
امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پیر کے روز اپنی اہلیہ جینیٹ ڈی روبیو کے ساتھ آگرہ میں واقع تاریخی تاج محل کا دورہ کیا۔ہندوستان میں امریکہ کے سفیر سرجیو گور بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔دنیا کے سات عجائبات میں شمار ہونے والا تاج محل آج بھی ہندوستان کا دورہ کرنے والے عالمی رہنماؤں اور معزز شخصیات کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
گزشتہ سال امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اپنی اہلیہ اوشا وینس اور اپنے بچوں وویک، میرا بیل اور ایوان کے ساتھ تاج محل کا دورہ کیا تھا۔اس سے قبل بھی کئی عالمی رہنما تاج محل کی سیر کر چکے ہیں، جن میں امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے پہلے صدارتی دور کے دوران اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ اس تاریخی یادگار کا دورہ کیا تھا۔
اپنے دورے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے تاج محل کو ہندوستان کی ثقافتی عظمت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا تھا ko تاج محل انسان کو حیرت میں ڈال دیتا ہے، یہ ہندوستانی ثقافت کے بھرپور اور متنوع حسن کی لازوال گواہی ہے۔ شکریہ، ہندوستان۔تاج محل کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق یہ یادگار مغل فنِ تعمیر کی بہترین مثال سمجھی جاتی ہے، جس میں فارسی، ہندوستانی اور اسلامی طرزِ تعمیر کے عناصر کا حسین امتزاج موجود ہے۔ سن 1983 میں اسے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا اور اسے ’’ہندوستان میں مسلم فن کا ایک بیش بہا نگینہ اور عالمی ورثے کے سب سے زیادہ سراہے جانے والے شاہکاروں میں سے ایک‘‘ قرار دیا گیا تھا۔
مارکو روبیو کا آگرہ کا یہ دورہ ان کے چار روزہ دورۂ ہندوستان کا حصہ ہے، جس کے دوران وہ منگل کو ہونے والے کواڈ سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔انہوں نے اپنے دورۂ ہندوستان کا آغاز کولکتہ میں مشنریز آف چیریٹی کے دورے سے کیا، جس کے بعد انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور پھر وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔ مارکو روبیو نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے بھی تبادلہ خیال کیا۔
علاقائی امور پر اسی توجہ کے تحت ایک اہم سفارتی سرگرمی کے طور پر ہندوستان قومی دارالحکومت میں کواڈ ممالک کے وزرائے خارجہ کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔ اس اجلاس میں ہند-بحرالکاہل خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔
کواڈ یعنی چار فریقی سکیورٹی مذاکراتی گروپ، جس میں ہندوستان، امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان شامل ہیں، کا اعلیٰ سطحی اجلاس 26 مئی کو وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں خطے کے اہم تزویراتی اور سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔