ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی کوشش کرنے والے شخص کو عمر قید کی سزا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 05-02-2026
ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی کوشش کرنے والے شخص کو عمر قید کی سزا
ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی کوشش کرنے والے شخص کو عمر قید کی سزا

 



 فلوریڈا :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 2024 میں فلوریڈا کے ایک گالف کورس میں قاتلانہ حملے کی کوشش کرنے والے شخص ریان راؤتھ کو وفاقی عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق اسے پانچ الزامات میں قصوروار ٹھہرایا گیا تھا جن میں ایک بڑے صدارتی امیدوار کو قتل کرنے کی کوشش بھی شامل ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب ٹرمپ 2024 کے صدارتی انتخابات کی مہم چلا رہے تھے اور راؤتھ نے ویسٹ پام بیچ میں واقع ٹرمپ کے گالف کورس کے قریب اسنائپر پوزیشن بنا لی تھی تاہم امریکی سیکرٹ سروس کے اہلکار نے بروقت کارروائی کر کے حملہ ناکام بنا دیا تھا۔ بدھ کے روز امریکی ڈسٹرکٹ جج آئیلین کینن نے سزا سناتے ہوئے اس کے عمل کو جان بوجھ کر کیا گیا اور شیطانی قرار دیا اور کہا کہ اس نے واضح طور پر قتل کا ارادہ ظاہر کیا اور اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے قریب پہنچ گیا تھا۔

عدالت نے عمر قید کے ساتھ ساتھ دیگر سزائیں بھی سنائیں جن میں پرتشدد جرم کے دوران اسلحہ رکھنے پر 84 ماہ۔ وفاقی افسر پر حملے پر 240 ماہ۔ سزا یافتہ مجرم ہوتے ہوئے اسلحہ رکھنے پر 18 ماہ۔ اور مٹائے گئے سیریل نمبر والے ہتھیار کے استعمال پر 60 ماہ شامل ہیں۔ امریکی محکمہ انصاف نے عمر قید کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ریان راؤتھ میں کسی قسم کی ندامت نہیں تھی اور وہ اپنے منصوبے میں رکاوٹ بننے والے کسی بھی شخص کو قتل یا زخمی کرنے کے لیے تیار تھا۔ استغاثہ کے وکیل جان شپلی نے عدالت کو بتایا کہ شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ اس نے حملے کی مکمل منصوبہ بندی کی اور صحیح وقت کا انتظار کرتا رہا۔

مقدمے کے دوران استغاثہ نے راؤتھ کے بنائے گئے اسنائپر ٹھکانے کی تصاویر پیش کیں جن سے ظاہر ہوا کہ جب اس نے رائفل نشانہ بنائی تو ٹرمپ چھٹے گرین پر صرف 126 فٹ کے فاصلے پر تھے۔ تفتیش کاروں کے مطابق راؤتھ نے واقعے سے پہلے کئی ہفتوں تک گالف کورس اور ٹرمپ کی رہائش گاہ مارا لاگو کی نگرانی کی۔ اس نے برنر فون استعمال کر کے ٹرمپ کی ریلیوں کے شیڈول اور مقامی ٹریفک کیمروں کی معلومات حاصل کیں۔ شواہد میں ایک ہاتھ سے لکھی ہوئی چٹھی بھی شامل تھی جس میں اس نے ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کا اعتراف کیا اور کسی کو کام مکمل کرنے کے لیے 150000 امریکی ڈالر کی پیشکش کی تھی تاہم حکام کا کہنا تھا کہ اس کے پاس اتنی رقم ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

یہ حملہ 15 ستمبر 2024 کو ہوا تھا جب ریان راؤتھ سوویت طرز کی رائفل اور حفاظتی پلیٹوں کے ساتھ گالف کورس کی باڑ کے قریب چھپ کر بیٹھ گیا تھا۔ ایک سیکرٹ سروس ایجنٹ نے باڑ کے پار سے رائفل کا رخ اور اس کا چہرہ دیکھ لیا اور فائرنگ کی جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہو گیا۔ بعد میں ایک شہری گواہ نے اس کی گاڑی کا نمبر نوٹ کر کے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ مزید شواہد سے پتا چلا کہ اس نے فرار کے راستے بھی تلاش کیے تھے جن میں میامی ایئرپورٹ اور میکسیکو جانے والی پروازوں کی معلومات شامل تھیں۔

عدالت میں ریان راؤتھ نے مقدمے کے کچھ حصے میں خود اپنی وکالت کی اور بار بار قانونی نکات سے ہٹنے پر اسے تنبیہ کی گئی۔ سی این این کے مطابق اس نے آخری دلائل میں دعوی کیا کہ یہ قاتلانہ حملہ کبھی ہونے والا ہی نہیں تھا مگر جیوری نے اس دلیل کو مسترد کر دیا اور تین گھنٹے غور کے بعد اسے قصوروار قرار دے دیا۔ فیصلے کے بعد اس نے عدالت میں خود کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی مگر امریکی مارشلز نے بروقت قابو پا لیا۔