ملائیشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین نے اپنے عہدے سے دیا استعفیٰ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 16-08-2021
ملائیشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین  نے اپنے عہدے سے دیا استعفیٰ
ملائیشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین نے اپنے عہدے سے دیا استعفیٰ

 


کوالا لمپور

 ملیشیا کے وزیراعظم محی الدین یاسین نے بادشاہ کو استعفیٰ پیش کردیا ہے تاہم وہ عبوری وزیراعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

ملیشیا کے وزیر اعظم محی الدین یاسین کی قیادت میں کابینہ نے بھی بادشاہ کواستعفیٰ پیش کر دیا ہے۔

ملیشین کابینہ کے مستعفی ہونے کی تصدیق وزیر سائنس جمال الدین نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی مہینوں کی سیاسی ہنگامہ آرائی کے بعد وزیراعظم اور ان کی کابینہ نے استعفیٰ دےدیا ہے۔

گزشتہ روز موجودہ حکومت کے وزیر محمد ریڈزوان ایم ڈی یوسف نے بتایا تھا کہ محی الدین پیر کو بادشاہ کو اپنا استعفیٰ پیش کریں گے۔

محی الدین یاسین کا 17 ماہ پر محیط دورے اقتداراُس وقت ختم ہو رہا ہے جب ملیشیا کو معاشی بدحالی اور کورونا کی بدترین صورتحال کا سامنا ہے۔

انھیں اقتدار میں لانے کے لیے ساتھ دینے والی جماعت یونائیٹڈ ملایاز نیشنل آرگنائزیشن (یو ایم این او) پارٹی کا اتحاد توڑنا محی الدین کے وزارت عظمیٰ کے تابوت میں ٹھونکا جانے والا آخری کیل ثابت ہوا۔

یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ اگلی حکومت کسی کی ہو گی، ملیشیا کے بادشاہ سلطان عبداللہ پر منحصر ہے کہ وہ وبا کے دوران انتخابات کا اعلان کرتے ہیں یا کوئی اور آئینی راستہ اختیار کریں گے۔