واشنگٹن
ایران کے خلاف اپنے سخت مؤقف کو دہراتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے جنیوا میں ہونے والے اہم سفارتی مذاکرات سے قبل “معاہدہ نہ کرنے کے نتائج” کے بارے میں سخت انتباہ جاری کیا۔ پیر کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں اپنی شرکت کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ اس عمل میں “بالواسطہ طور پر” شامل ہوں گے۔
ٹرمپ نے آنے والی بات چیت کو “انتہائی اہم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ایران ایک “سخت مذاکرات کار” ہے، لیکن ان کے بقول اس کی قیادت “خراب مذاکرات کار ثابت ہوئی ہے، کیونکہ ہم ان کی جوہری صلاحیت ختم کرنے کے لیے بی-2 طیارے بھیجنے کے بجائے معاہدہ کر سکتے تھے۔
صدر کے یہ بیانات حالیہ اہم فوجی کارروائی کے پس منظر میں سامنے آئے ہیں، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس نے جغرافیائی سیاسی منظرنامہ بدل دیا اور سفارت کاری کی طرف واپسی پر مجبور کیا۔ ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ ایرانی قیادت آئندہ “زیادہ معقول” رویہ اختیار کرے گی، اور کہا کہ ملک پر معاشی اور سیاسی دباؤ اسے دوبارہ مذاکرات کی میز پر لا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، “وہ معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ میں امن ہے۔
خطے کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے تسلیم کیا کہ کہیں کہیں محدود کشیدگی ہو سکتی ہے، لیکن ان کے مطابق مجموعی طور پر علاقائی سلامتی کا ہدف فوجی طاقت کے ذریعے حاصل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا كہ آپ کو کہیں کہیں آگ کے شعلے نظر آئیں گے، لیکن مجموعی طور پر مشرقِ وسطیٰ میں امن ہے۔ یہ اس لیے ہوا کیونکہ ہم نے جوہری صلاحیت پر بی-2 حملہ کیا۔ ٹرمپ نے حالیہ فوجی کارروائی، جسے آپریشن مڈنائٹ ہیمر کہا جاتا ہے، کا دفاع کرتے ہوئے بتایا کہ اس دوران امریکی افواج نے ایران کی تین بڑی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے اصرار کیا کہ اگر یہ کارروائی نہ ہوتی تو ایران ایک ماہ کے اندر جوہری ہتھیار حاصل کر لیتا”، اور کہا كہ گر ایسا ہو جاتا تو معاملہ بالکل مختلف ہوتا۔
یہ کشیدگی اس سے پہلے کی سفارتی کوششوں کی ناکامی کے بعد بڑھی۔ اگرچہ ریاستہائے متحدہ اور ایران نے اپریل 2025 میں مسقط اور روم میں جوہری مذاکرات کے دور کیے تھے، تاہم 21–22 جون 2025 کو صورتحال میں ڈرامائی تبدیلی آئی۔ اس وقت ایران نے امریکی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔
اب، اس فوجی تصادم کے باوجود، دونوں ممالک سے توقع ہے کہ وہ منگل (مقامی وقت) کو جینیوا ، سوئٹزرلینڈ میں جوہری معاہدے پر مذاکرات کے اگلے دور کے لیے دوبارہ میز پر آئیں گے۔