نئی دہلی
جاپان کے شمالی ساحلی علاقے کے قریب جمعرات کو ایک طاقتور زلزلہ آیا، تاہم ملک کی محکمۂ موسمیات (جے ایم اے) نے واضح کیا ہے کہ سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔جاپان موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے) کے مطابق زلزلے کی شدت 7.2 ریکارڈ کی گئی۔ ایجنسی نے ابتدائی طور پر اس کی شدت 6.9 بتائی تھی، جسے بعد میں نظرِ ثانی کے بعد بڑھا کر 7.2 کر دیا گیا۔
ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے تقریباً 50 کلومیٹر (30 میل) گہرائی میں واقع تھا۔دوسری جانب امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے بھی زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی۔
حالیہ مہینوں کے دوران اس علاقے میں کئی بار شدید زلزلے محسوس کیے گئے ہیں۔ ان میں گزشتہ دسمبر میں آنے والا زلزلہ بھی شامل ہے، جس کے بعد ایک ہفتے تک ممکنہ "میگا زلزلے" کے خدشے کے پیشِ نظر خصوصی انتباہی مشورے جاری کیے گئے تھے۔
جمعرات کی صبح دفتر جانے کے مصروف اوقات میں آنے والے اس زلزلے کے جھٹکے شمال مشرقی جاپان کے علاوہ دارالحکومت ٹوکیو میں بھی ہلکے طور پر محسوس کیے گئے۔حکومت کے اعلیٰ ترجمان مینورو کیہارا کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی نقصان یا املاک کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
جاپان کی وزیر اعظم سانے تاکائیچی نے ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ہنگامی امدادی ٹیم صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر امدادی کارروائیوں کے لیے تیاری کر رہی ہے، جبکہ "انسانی جانوں کے تحفظ کو سب سے زیادہ ترجیح" دی جا رہی ہے۔
انہوں نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں سے اپیل کی کہ وہ ممکنہ بعد از زلزلہ جھٹکوں (آفٹر شاکس) کے پیشِ نظر چوکس رہیں اور تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔