ٹوکیو
جاپان کے شمال مشرقی اور شمالی علاقوں میں پیر کے روز 7.5 شدت کا ایک طاقتور زلزلہ آیا، جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی، یہ بات ملک کے محکمۂ موسمیات نے بتائی۔
جاپانی محکمۂ موسمیات کے مطابق ایواتے صوبے کی کوجی بندرگاہ پر تقریباً 80 سینٹی میٹر بلند سونامی لہر دیکھی گئی۔
شام 4 بج کر 53 منٹ پر آنے والے اس زلزلے کی شدت جاپانی پیمانے پر 7 میں سے 5 سے زیادہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر تھی۔امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز میاکو شہر سے تقریباً 100 کلومیٹر مشرق-شمال مشرق میں تھا۔ ابتدا میں اس کی شدت 7.4 بتائی گئی تھی، جسے بعد میں بڑھا دیا گیا۔جاپان کے محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے تک اسی نوعیت کے مزید زلزلے آ سکتے ہیں۔
سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق زلزلہ 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔
جاپانی محکمۂ موسمیات نے ہوکائیدو، آوموری اور ایواتے کے بحرالکاہل ساحلی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین میٹر تک بلند لہریں فوری طور پر پہنچ سکتی ہیں۔
کیوڈو خبر رساں ایجنسی کے مطابق آوموری اور میاگی صوبوں میں واقع ہگاشی دوری اور اونگاوا جوہری تنصیبات، نیز فوکوشیما کے دائیچی اور دائی نی جوہری بجلی گھروں میں کسی غیر معمولی صورتحال کی اطلاع نہیں ملی۔
جاپان کی وزیر اعظم سانائے تاکائیچی نے اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی۔جے آر ایسٹ نے اعلان کیا ہے کہ ٹوکیو اور شن آوموری کے درمیان توہوکو شنکانسن بلٹ ٹرین سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔