کابل (افغانستان): افغانستان میں منگل کے روز ریکٹر اسکیل پر 4.8 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ یہ اطلاع بھارت کے نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (NCS) نے دی ہے۔ این سی ایس کے مطابق زلزلہ بھارتی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 32 منٹ پر آیا اور اس کی گہرائی زمین کے اندر 176 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا: "شدت: 4.8، تاریخ: 2 جون 2026، وقت: صبح 9:32:44، عرض البلد: 36.450 شمال، طول البلد: 70.448 مشرق، گہرائی: 176 کلومیٹر، مقام: افغانستان۔" تاحال زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ افغانستان میں خصوصاً ہندوکش کے علاقے میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں، کیونکہ یہ خطہ انتہائی فعال زلزلی پٹی (Seismic Zone) میں واقع ہے۔
ریڈ کراس کے مطابق یہ علاقہ دنیا کے زلزلہ خیز ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ افغانستان میں زلزلوں کی کثرت کی ایک بڑی وجہ اس کا محلِ وقوع ہے، جہاں بھارتی اور یوریشیائی ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ٹکراتی ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں، خصوصاً ہرات کے علاقے سے ایک بڑی فالٹ لائن بھی گزرتی ہے۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطۂ انسانی امور (UNOCHA) کے مطابق افغانستان قدرتی آفات کے حوالے سے انتہائی حساس ملک ہے اور یہاں زلزلوں کے علاوہ لینڈ سلائیڈنگ اور موسمی سیلاب بھی اکثر تباہی مچاتے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ بار بار آنے والے زلزلے ان مقامی آبادیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کرتے ہیں جو پہلے ہی کئی دہائیوں کے تنازعات، معاشی مسائل اور محدود ترقیاتی سہولیات کا سامنا کر رہی ہیں، جس کے باعث ان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کمزور ہو چکی ہے۔