مادورو کے بیٹے نے ٹرمپ اور امریکہ پر تنقید کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-01-2026
مادورو کے بیٹے نے ٹرمپ اور امریکہ پر تنقید کی
مادورو کے بیٹے نے ٹرمپ اور امریکہ پر تنقید کی

 



آواز دی وائس
وینزویلا میں امریکی کارروائی پر پوری دنیا میں چرچا ہو رہا ہے۔ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو امریکہ نے حراست میں لے لیا ہے۔ اس کے بعد سے سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ اسی دوران امریکی کارروائی کے تین دن بعد معزول صدر مادورو کے بیٹے نکولس مادورو گویرا کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وینزویلا کے ساتھ چند لوگوں نے ہی غداری کی ہے اور آنے والا وقت سب کے چہروں سے نقاب اٹھا دے گا۔
ماں کی قسم کھاتا ہوں کہ
مادورو کے بیٹے کا ایک آڈیو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ کہتے ہیں کہ تاریخ بتائے گی کہ غدار کون تھے، تاریخ اس کا انکشاف کرے گی اور ہم سب کچھ دیکھیں گے۔ امریکہ اور صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے مادورو کے بیٹے نے کہا کہ ہم پُرسکون ہیں، آپ ہمیں سڑکوں پر عوام کے ساتھ دیکھیں گے۔ وہ ہمیں کمزور دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن ہم عزت اور وقار کے ساتھ اپنا پرچم بلند رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دکھ ہوتا ہے، ہمیں غصہ آتا ہے، میں اپنی زندگی کی اور اپنی ماں کی قسم کھاتا ہوں کہ وہ ایسا نہیں کر پائیں گے۔
مادورو کے بیٹے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دھرنا مظاہروں میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں موجود طبقہ متحد ہونے کے لیے تیار ہے اور ہم سڑکوں پر اتریں گے۔ مادورو کے بیٹے کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ وہ امریکی کارروائی کو اندرونی سازش سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ پوری پارٹی متحد رہے گی۔
امریکی کارروائی کو بیرونی حملہ قرار
مادورو کے بیٹے نے امریکہ کی کارروائی کو بیرونی حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے جواب میں سیاسی اور فوجی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب امریکی عدالت نے مادورو کے بیٹے کو ایک بڑے منشیات نیٹ ورک کا سرغنہ بھی بتایا ہے۔ امریکہ کا الزام ہے کہ مادورو کے بیٹے نے سرکاری وسائل، فوج اور سیاسی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے امریکہ تک کوکین پہنچانے میں کردار ادا کیا۔
۔30 منٹ میں انجام دیا گیا بڑا آپریشن
قابلِ ذکر ہے کہ امریکہ نے محض 30 منٹ کے اندر اتنا بڑا آپریشن انجام دینے کا دعویٰ کیا ہے اور وینزویلا کے صدر کو گرفتار کر لیا۔ ڈونالڈ ٹرمپ کے اس مشن کا نام ‘ایبسولوٹ ریزولو’ بتایا گیا ہے۔ کئی مہینوں سے امریکی فوج آہستہ آہستہ وینزویلا کے ساحلوں کے قریب اپنی موجودگی بڑھا رہی تھی، جبکہ امریکی خفیہ ایجنسیاں صدر مادورو کی روزمرہ سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھیں۔