طرابلس :لیبیا کے چیف آف اسٹاف محمد علی احمد الحداد اور چار دیگر افراد ترکی کے دارالحکومت انقرہ کے قریب ایک فضائی حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ لیبیا کے وزیر اعظم عبدالحمید دبیبہ نے اس کی تصدیق کی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم دبیبہ نے اس واقعے کو ایک افسوسناک حادثہ قرار دیا اور کہا کہ یہ حادثہ منگل کے روز اس وقت پیش آیا جب حکام ترکی کے دورے سے واپس آ رہے تھے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ عظیم سانحہ قوم فوجی ادارے اور پوری عوام کے لیے ایک بڑا نقصان ہے کیونکہ ہم نے ایسے افراد کو کھو دیا ہے جنہوں نے اخلاص اور لگن کے ساتھ اپنے ملک کی خدمت کی اور نظم و ضبط ذمہ داری اور قومی وابستگی کی مثال تھے۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں بری افواج کے چیف آف اسٹاف الفیطوری غریبیل ملٹری مینوفیکچرنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر محمود القطاوی الحداد کے مشیر محمد الاساوی دیاب اور ایک فوجی فوٹوگرافر محمد عمر احمد محجوب شامل ہیں۔ ایک سینئر ترک عہدیدار نے بتایا کہ حادثے میں طیارے کے تین عملے کے ارکان بھی ہلاک ہوئے۔ الجزیرہ کے مطابق عہدیدار نے کہا کہ طیارے میں برقی خرابی کی اطلاع کے بعد ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی گئی تھی۔ صدارتی مواصلاتی ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ برہانتین دوران نے ایکس پر کہا کہ لیبیا کے چیف آف جنرل اسٹاف محمد الحداد کو لے جانے والے نجی طیارے نے برقی خرابی کے باعث ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر کو ہنگامی صورتحال سے آگاہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی۔ ایک ترک عہدیدار نے الجزیرہ کو بتایا کہ تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ میں کسی بھی قسم کی تخریب کاری کو مسترد کر دیا گیا ہے اور حادثے کی ابتدائی وجہ تکنیکی خرابی بتائی گئی ہے۔ ترکی کے وزیر داخلہ علی یرلی قایا نے ایکس پر لکھا کہ انقرہ کے ایسن بوغا ہوائی اڈے سے طرابلس کے لیے روانہ ہونے والے بزنس جیٹ کا ملبہ ترک جینڈرمیری نے حیمانہ ضلع کے قصیق قواک گاؤں سے تقریباً دو کلومیٹر جنوب میں تلاش کر لیا ہے۔ لیبیا کے چیف آف اسٹاف محمد علی احمد الحداد نے اپنے دورہ ترکی کے دوران اپنے ترک ہم منصب اور دیگر فوجی کمانڈروں سے ملاقات بھی کی تھی۔