لبنانی اسکالرپروفیسر محمد ایوب نہیں رہے

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 02-11-2021
لبنانی اسکالرپروفیسر محمد ایوب نہیں رہے
لبنانی اسکالرپروفیسر محمد ایوب نہیں رہے

 

 

مجتبیٰ فاروق، حیدرآباد

ماہرِ قرآنیات پروفیسرمحمدایوب انتقال کرگئے ۔ پروفیسرایوب بھی ایسے لوگوں میں شامل ہیں جنھوں نے قرآنیات میں قابل تحسین کام کیا ہے ۔

پروفیسر ایوب لبنان میں 1935میں پیدا ہوئے ۔انھوں نے ابتدائی تعلیم بریٹش مشنری اسکول میں حاصل کی اور اس کے بعد امریکن یونیورسٹی آف بیروت سے بی اے کی ڈگری حاصل کی ۔ اس کے بعد پینیسیلنیا یونیورسٹی سے انھوں نے ریلیجیس تھاوٹ (Religious Thought) میں ایم۔ اے کیا۔

انہیں ہارورڑ یونیورسٹی کی جانب سے 1975ءمیں پی۔ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی۔

تعلیم مکمل کرنے کے بعد پروفیسر ایوب مختلف تحقیقی اداروں اور یونیورسٹیوں میں تدریسی کام میں مشغول ہوگئے۔

ڈاکٹر ایوب نے1988سے2008 تک ٹمپل یونیورسٹی فلاڈلفیا(شعبہ مذاہب) میں پروفیسر اور ڈائریکٹر کی حیثیت سے کام کیا۔ اس کے علاوہ انھوں نےمیکگل یونیورسٹی میں بھی درس وتدریس کا فریضہ انجام دیا۔

ڈاکٹر ایوب کا فکری اورتحقیقی میدان قرآنیات اور مکالمہ بین المذاہب رہا ہے اور اس تعلق سے انھوں نے قابل تحسین علمی کام کیا۔

بین المذاہب اور عیسائی و مسلم تعلقات کے سلسلے میں وہ ماہر سمجھے جاتے ہیں۔اس تعلق سے انھوں نے کئی مقالے اور کتابیں لکھیں ۔ نیز مغربی یونیورسٹیوں میں شعبے بھی قائم کیے جن کا مقصد عیسائیوں اور مسلمانوں کی مذہبی متون کو سمجھنا اور آپس میں اتحاد پیدا کرنا تھا۔

مذاہب کے تعلق سے ان کی یہ دو کتابیں کافی مشہور ہیں :

A Muslim View Of Christianity: Essays On Dialogue

دراسات فی العلاقات المسیحیہ الاسلامیہ 

ڈاکٹر ایوب قرآنیات کے ماہر تھے اور انہیں اس تعلق سےدنیا کی مختلف خطوں سے مدعو کیا جاتا تھا ۔

اس سلسلے میں ان کی دو جلدوں پر مشتمل ایک مایہ ناز کتاب ہے، جس کا نام ہے:

The Qura'an and Its Interpreters 

اس میں انھوں نے تفسیر قرآن کے تعلق سے ہر موضوع کا احاطہ کیا۔اس کےعلاوہ آپ1990ء سے'المیزان فی تفسیر القرآن' کے عنوان سے ایک علمی پروجیکٹ کی سرپرستی کر رہے تھے لیکن وہ پروجیکٹ ابھی تک مکمل نہیں ہوپایا۔

تفسیر قرآن ان کا پسندیدہ اور تحقیقی میدان تھا اوراس میدان میں منفرد تحقیق پیش کرتے تھے۔ تفسیر قرآن کے بارے میں انھوں نے ایک اہم سوال اٹھایا کہ قرآن مجید میں اہل کتاب کو بہت اچھے انداز سے تذکرہ کیا گیا اور کیا یہ اہل کتاب عیسائی اور یہودی ہیں یا پھر محض وہ عیسائی اور یہودی ہیں جنھوں نے اسلام قبول کیا۔؟

علم وتحقیق ڈاکٹر ایوب کا شوق ہی نہیں بلکہ ان کی زندگی کا دوسرا نام تھا۔

اس کا صلہ یہ ملا کہ انھیں کئی اہم انعامات سے نوازا گیااور2012ء میں انٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک تھاٹ (IIIT) نے بھی انہیں ایوارڈ سے نوازا۔