.webp) 
                                 
لندن : برطانیہ کے کنگ چارلس نے اپنے چھوٹے بھائی شہزادہ اینڈریو سے "پرنس" کا شاہی خطاب واپس لے لیا ہے اور انہیں ایپسٹین اسکینڈل سے منسلک تنازعات کے بعد اپنی رہائش گاہ رائل لاج مینشن خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، یہ فیصلہ حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی ان خبروں کے بعد کیا گیا جن میں جیفری ایپسٹین کے ساتھ اینڈریو کے تعلقات اور مالی لین دین پر دوبارہ سوالات اٹھے تھے۔
ذرائع کے مطابق، کنگ چارلس نے واضح کر دیا ہے کہ اینڈریو اب سرکاری طور پر شاہی خاندان کے فعال رکن نہیں رہیں گے اور انہیں شاہی حیثیت کے تمام مراعات سے محروم کر دیا جائے گا۔
اینڈریو جو اب تک ونڈسر کے رائل لاج مینشن میں مقیم تھے، سے کہا گیا ہے کہ وہ اگلے چند ماہ میں اسے خالی کر دیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ محل انتظامیہ نے پہلے ہی ان کے اسٹاف کو مطلع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ 2019 میں جیفری ایپسٹین کی گرفتاری کے بعد شہزادہ اینڈریو پر ایک خاتون نے جنسی زیادتی کے الزامات لگائے تھے، جس کے بعد انہیں شاہی ذمہ داریوں سے الگ کر دیا گیا تھا۔ اگرچہ اینڈریو نے ان الزامات کی تردید کی تھی، لیکن اسکینڈل کے باعث ان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق، کنگ چارلس نے یہ قدم "شاہی خاندان کی ساکھ اور ادارے کے وقار" کو بچانے کے لیے اٹھایا ہے۔شاہی محل کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
 
                            