خالصتانی گروپوں کو کینیڈا سے سیاسی تشدد کے لیے مالی معاونت حاصل: رپورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 06-09-2025
خالصتانی گروپوں کو کینیڈا سے سیاسی تشدد کے لیے مالی معاونت حاصل: رپورٹ
خالصتانی گروپوں کو کینیڈا سے سیاسی تشدد کے لیے مالی معاونت حاصل: رپورٹ

 



کینیڈا کی وزارتِ خزانہ کی نئی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ متعدد دہشت گرد تنظیمیں، بشمول خالصتانی پرتشدد انتہا پسند گروپ، کینیڈا سے مالی معاونت حاصل کر رہے ہیں تاکہ ملک میں سیاسی طور پر محرک تشدد کو جاری رکھ سکیں۔وزارت خزانہ کی جاری کردہ 2025 کی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خطرات کی جانچ رپورٹمیں ببر خالصہ انٹرنیشنل اور انٹرنیشنل سکھ یوتھ فیڈریشن کو سیاسی طور پر محرک پرتشدد انتہا پسندی(PMVE)کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ گروپ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے عطیہ جاتی نیٹ ورکس، غیر منافع بخش اداروں اور خیراتی تنظیموں کا استحصال کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق، اگرچہ اس انتہا پسندی میں بعض اوقات مذہبی عناصر بھی شامل ہو سکتے ہیں، لیکن اس کی اصل بنیاد سیاسی خود ارادیت اور نمائندگی ہے، نہ کہ نسلی یا لسانی بالادستی۔

کینیڈا کے کریمنل کوڈ کے تحت یہ گروپ، بشمول حماس اور حزب اللہ، پہلے ہی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اور خفیہ اداروں نے یہ مشاہدہ کیا ہے کہ ان گروپوں کو کینیڈا سے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں خاص طور پر غیر منافع بخش اور خیراتی اداروں کے غلط استعمال کو بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے، جیسا کہ حماس اور حزب اللہ کے معاملے میں دیکھا گیا ہے۔ خالصتانی گروپ بھی کینیڈا میں مقیم ڈائیسپورا کمیونٹی سے عطیات جمع کر کے فنڈز اکٹھا کرنے اور منتقل کرنے میں سرگرم ہیں۔

کینیڈا کے مالیاتی انٹیلی جنس یونٹ فنٹریک(FINTRAC)نے 2022 میں اپنی رپورٹ میں حزب اللہ کو ان دہشت گرد گروپوں میں شامل کیا تھا جنہیں سب سے زیادہ فنڈنگ کینیڈا سے موصول ہو رہی تھی۔

رپورٹ کے مطابق حماس اور حزب اللہ چونکہ وسائل سے مالا مال ہیں، اس لیے وہ بینکنگ سسٹم، کرپٹو کرنسی، منی سروس بزنس(MSBs)، ریاستی سرپرستی اور خیراتی اداروں سمیت کئی ذرائع استعمال کرتے ہیں، جب کہ خالصتانی گروپ زیادہ تر چھوٹے نیٹ ورکس اور کمیونٹی عطیات پر انحصار کرتے ہیں۔

اس حوالے سے کینیڈا کی خفیہ ایجنسی سیس(CSIS)کی 2025 کی سالانہ رپورٹ بھی ہم آہنگ ہے جس میں تسلیم کیا گیا ہے کہ خالصتانی انتہا پسند کینیڈا کی سرزمین کو بھارت میں "تشدد کی منصوبہ بندی، فنڈ ریزنگ اور پروپیگنڈے" کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

بھارت طویل عرصے سے کینیڈا پر الزام لگاتا آیا ہے کہ وہاں سے سرگرم خالصتانی عناصر کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ اب کینیڈین رپورٹ نے باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے کہ کینیڈا دراصل بھارت مخالف عناصر کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ غیر ملکی مداخلت اور انتہا پسندانہ مالی نیٹ ورکس کے خلاف مسلسل چوکسی لازمی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب کینیڈا کے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات حساس نوعیت اختیار کر چکے ہیں۔