داؤد کے اہم ساتھی اور منشیات کے سرغنہ سلیم ڈولا کوگرفتاری کے بعد ہندوستان بھیجا گیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 28-04-2026
داؤد کے اہم ساتھی اور منشیات کے سرغنہ سلیم ڈولا کوگرفتاری کے بعد  ہندوستان بھیجا گیا
داؤد کے اہم ساتھی اور منشیات کے سرغنہ سلیم ڈولا کوگرفتاری کے بعد ہندوستان بھیجا گیا

 



استنبول
ڈاؤد ابراہیم کے قریبی ساتھی سلیم ڈولا کو ہندوستان لایا گیا ہے۔ سلیم ڈولا کو استنبول سے ڈی پورٹ کر کے دہلی کے ٹیکنیکل ایئرپورٹ پہنچایا گیا۔ یہ کارروائی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے کی گئی۔ سلیم ڈولا، جسے ڈاؤد کے منشیات کے نیٹ ورک کا اہم کردار سمجھا جاتا ہے، اس وقت انٹیلی جنس ایجنسیوں کی حراست میں ہے اور اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔سلیم ڈولا کو جلد ممبئی پولیس کے حوالے کیا جائے گا، جس کے بعد مختلف ایجنسیاں اس سے مزید تفتیش کریں گی۔
اس سے قبل سی این این ترکی نے رپورٹ کیا تھا کہ انٹرپول کے ریڈ نوٹس میں مطلوب بدنام زمانہ ہندوستانی منشیات اسمگلر سلیم ڈولا کو ترکی حکام نے استنبول میں ایک بڑی کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔سلیم ڈولا کو 25 اپریل کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب استنبول پولیس کے نارکوٹکس کرائمز ڈویژن نے ایک مخصوص آپریشن کے تحت اسے پکڑنے کی کارروائی کی۔ منشیات کی اسمگلنگ کے مقدمات میں مطلوب سلیم ڈولا بیلیک دوزو علاقے میں ایک رہائش گاہ میں چھپا ہوا تھا۔
سکیورٹی اداروں کی جانب سے طویل تکنیکی اور فزیکل نگرانی کے بعد اس کے ٹھکانے کی تصدیق کی گئی، جس کے بعد اس مقام پر کارروائی کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔ بعد ازاں اسے ہندوستان بھیجنے کے لیے قانونی کارروائی مکمل کی گئی۔ترکی میں یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی جب ہندوستان میں بھی اس سے جڑے معاملات کی تحقیقات جاری ہیں۔ ممبئی کے کرلا علاقے میں گرفتار اس کے ساتھیوں نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ انہیں ہدایات سلیم ڈولا سے ملتی تھیں۔
ہندوستان میں ان چھاپوں کے دوران حکام نے 126 کلوگرام اور 141 گرام میفیڈرون اور 25 لاکھ 22 ہزار روپے نقد برآمد کیے تھے۔ استنبول پولیس نے اس اہم ملزم کے خلاف تمام ضروری قانونی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں۔انٹرپول کے ریڈ نوٹس کے مطابق سلیم ڈولا کے خلاف نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹینسز ایکٹ 1985 کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں۔
اس قانون کے تحت سنگین جرائم پر کم از کم دس سال قید کی سزا مقرر ہے اور خاص طور پر بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہونے کی صورت میں ضمانت کے سخت اصول لاگو ہوتے ہیں۔
اب حکام توقع کر رہے ہیں کہ اس کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ اور دیگر قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔