برطانیہ میں کشمیریوں کا پاکستانی قونصل خانے کے باہر احتجاج، مبینہ مظالم کے خلاف آواز بلند

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 10-09-2026
برطانیہ میں کشمیریوں کا پاکستانی قونصل خانے کے باہر احتجاج، مبینہ مظالم کے خلاف آواز بلند
برطانیہ میں کشمیریوں کا پاکستانی قونصل خانے کے باہر احتجاج، مبینہ مظالم کے خلاف آواز بلند

 



بریڈفورڈ: جموں و کشمیر نیشنل انڈیپنڈنس الائنس (جے کے این آئی اے) کے چیئرمین محمود کشمیری اور کشمیری تارکین وطن کے دیگر رہنماؤں نے بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر (پی او جے کے) میں پاکستانی سکیورٹی فورسز پر بڑے پیمانے پر مبینہ زیادتیوں کا الزام لگاتے ہوئے اسے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔

قونصل خانے کے باہر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محمود کشمیری نے کہا کہ یہ احتجاج پی او جے کے کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کیا جا رہا ہے، جہاں اور دیگر علاقوں میں بند کی اپیل کے پیش نظر حالات کشیدہ ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ خطے میں سکیورٹی فورسز شہریوں کے قتل، اغوا اور دیگر مبینہ زیادتیوں کی ذمہ دار ہیں۔ محمود کشمیری نے کہا، ’’ہم نے بارہا پاکستان کی حکومت سے کہا ہے کہ خطے میں مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے۔‘‘

ان کا دعویٰ تھا کہ مظاہرین گزشتہ تین ماہ سے پیر سے جمعہ تک پاکستانی قونصل خانے کے باہر احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم ضرورت پڑنے تک جاری رہے گی اور ممکن ہے کہ مزید ایک یا دو سال تک بھی احتجاج کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ مظاہرین پاکستانی حکام کو پیش کرنے کے لیے ایک یادداشت بھی لائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفد نے قونصل خانے کے نمائندوں سے زبانی ملاقات کی درخواست بھی کی ہے، تاکہ اپنے خدشات کو سوشل میڈیا کے ذریعے زیادہ وسیع پیمانے پر لوگوں تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے پاکستان کے حکام اور اعلیٰ سکیورٹی افسران پر پی او جے کے میں مبینہ زیادتیوں کا ذمہ دار ہونے کا الزام لگایا اور کہا کہ کئی افراد کو مبینہ طور پر اغوا کیا گیا ہے۔ محمود کشمیری نے عبدالشہید کے معاملے کا بھی ذکر کیا، جن کی بہن احتجاج میں شریک تھیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عبدالشہید کو پی او جے کے میں پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ہلاک کیا۔ انہوں نے مبینہ قتل اور گمشدگی کے ذمہ دار افراد کو ’’انصاف کے کٹہرے‘‘ میں لانے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان سے پی او جے کے سے اپنی فورسز واپس بلانے اور خطے سے متعلق معاہدوں کی پاسداری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ محمود کشمیری نے کہا، ’’کشمیری ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔‘‘ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستانی فورسز کی جانب سے مبینہ خلاف ورزیوں کا ازالہ ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔