بریڈفورڈ۔ برطانیہ میں مقیم کشمیری برادری کے افراد نے 15 جولائی کو بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھائی۔یہ احتجاج جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر منعقد کیا گیا جس میں شریک مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں ان کے بقول ریاستی جبر کا نوٹس لے۔
مظاہرین نے پاکستان مخالف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کرتے ہوئے پاکستان کی سکیورٹی فورسز پر علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے۔احتجاج میں شریک افراد کا دعویٰ تھا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز مبینہ طور پر ہلاکتوں۔ جبری گمشدگیوں۔ گھروں پر چھاپوں اور خواتین و بچوں سمیت عام شہریوں پر تشدد میں ملوث ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق اور مطالبات کا احترام کیا جائے اور ان پر عمل درآمد کیا جائے۔
مظاہرین نے پاکستان کے سفر اور سیاحت کے بائیکاٹ کی بھی اپیل کی۔ ساتھ ہی لوگوں سے کہا کہ وہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے ذریعے سفر نہ کریں اور بیرون ملک مقیم کشمیری برادری سے مطالبہ کیا کہ ان کے مطالبات پورے ہونے تک پاکستان کو بھیجی جانے والی رقوم بھی روک دی جائیں۔یہ احتجاج برطانیہ میں مقیم کشمیری برادری کے بعض حلقوں کی اس وسیع مہم کا حصہ تھا جس کا مقصد پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی صورتحال کی جانب عالمی توجہ مبذول کرانا اور مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہی کا مطالبہ کرنا ہے۔