کابل: بارودی سرنگیں ناکارہ بنانے والوں پر فائرنگ، 10 افراد ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-06-2021
ایک زخمی افغان  رضاکار
ایک زخمی افغان رضاکار

 

 

 کابل: افغان صوبے بغلان میں بارودی سرنگیں ہٹانے والی برطانوی این جی او ’ہالو ٹرسٹ‘ کے ملازمیں کو کمپاؤنڈ میں نشانہ بنایا گیا جب وہ قریبی کھیت سے بارودی سرنگوں کو ہٹانے کا کام کرکے واپس لوٹ کر اپنے کمروں میں آرام کررہے تھے۔حملہ مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 50 منٹ پر کیا گیا اور حملے کے نتیجے میں 10 ملازمین جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔

افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے حملے کا ذمہ دار طالبان کو ٹھہرایا ہے تاہم طالبان نے اس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے مذمتی بیان جاری کیا ہے۔طالبان کا کہنا ہے کہ ۔ ہم اس حملے کی مذمت کرتے ہیں اور اپنا دفاع نہ کر سکنے والوں کو حملے کو بربریت سمجھتے ہیں، ہمارے این جی اوز کے ساتھ تعلقات ٹھیک ہیں اور ہمارے مجاہدین کبھی ایسے بے رحمانہ حملے نہیں کریں گے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کمپنی کے سی ای او جیمز کراؤن نے بھی حملے میں طالبان کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی طالبان حملے کے وقت ہماری مدد کو آئے اور انہوں نے حملہ آوروں کو ڈرا کر بھگایا۔ ہم نہیں جانتے کہ حملہ آور کون تھے، انہوں نے حملے کے دوران خاص طور پر ہزارہ نسل سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو نشانہ بنایا۔