عمانمغربی ایشیا میں بدھ کے روز کشیدگی مزید بڑھ گئی جب خطے کے مختلف حصوں میں میزائل حملوں اور فوجی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ اسی دوران پاکستان میں جنگ بندی کی بحالی کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری رہیں۔اردن کے ساحلی شہر عقبہ میں فضائی دفاعی سائرن بج اٹھے۔ اردنی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے چار میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے گئے جبکہ دو میزائل غیر آباد علاقوں میں گرے۔
ادھر امریکہ نے اعلان کیا کہ اس نے ایران کے اہداف پر مسلسل گیارہویں رات بھی فوجی حملے کیے۔ دوسری جانب تہران نے پاکستان میں ہونے والی ملاقاتوں کے ذریعے مذاکرات کی بحالی کی کوششیں جاری رکھیں۔قریبی اسرائیلی شہر ایلات سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں عقبہ کے اوپر دھوئیں کے گھنے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دیے۔ ایران میں بھی دارالحکومت تہران سمیت مختلف علاقوں میں فضائی دفاعی نظام کو متحرک کر دیا گیا۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق بوشہر۔ مشرقی آذربائیجان۔ ہمدان۔ ہرمزگان۔ خوزستان اور سیستان و بلوچستان سمیت متعدد علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔امریکی فوجی حکام کے مطابق حملوں میں طیاروں کے ہینگر اور ڈرون ذخیرہ گاہوں سمیت کئی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ تازہ فوجی کارروائیاں اس واقعے کے بعد سامنے آئیں جب ایران نے منگل کے روز ایک اہم بحری راستے میں ایک تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا تھا جس کے بعد عملے کو جہاز خالی کرنا پڑا۔ایران نے بحرین۔ اردن اور کویت میں موجود امریکی اتحادیوں سے متعلق اہداف پر بھی حملے جاری رکھنے کا دعویٰ کیا۔
تازہ حملوں سے قبل ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پاکستان میں سفارتی کوششوں کے سلسلے میں ملاقاتیں کیں تاکہ جاری تنازع کے خاتمے کے لیے کوئی راستہ نکالا جا سکے۔تاہم اب بھی یہ واضح نہیں ہے کہ کون سی شرائط دونوں فریقوں کے درمیان جاری جنگ کو روکنے میں مؤثر ثابت ہو سکتی ہیں۔ موجودہ کشیدگی کا بڑا مرکز آبنائے ہرمز بن چکی ہے جو دنیا بھر میں توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم بحری گزرگاہ سمجھی جاتی ہے۔
منگل کو اوول آفس میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن کی فی الحال کسی ملاقات میں دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ امریکی افواج جلد ایران کے ایک ایسے علاقے کو نشانہ بنا سکتی ہیں جو اس کی اہم یورینیم افزودگی تنصیبات کے قریب واقع ہے۔
اس سے ایک روز قبل ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثی گروپ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔ اس اقدام سے بین الاقوامی تجارت اور عالمی تیل کی ترسیل پر بھی خدشات بڑھ گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت تقریباً معطل ہونے کے بعد سعودی عرب اپنی تیل برآمدات کے لیے بحیرہ احمر تک جانے والی زمینی پائپ لائن پر زیادہ انحصار کر رہا ہے۔