یروشلم: اسرائیلی پارلیمنٹ کے قریب مظاہرین نے آگ لگائی، عمارتوں پر قبضہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2025
یروشلم: اسرائیلی پارلیمنٹ کے قریب مظاہرین نے آگ لگائی، عمارتوں پر قبضہ
یروشلم: اسرائیلی پارلیمنٹ کے قریب مظاہرین نے آگ لگائی، عمارتوں پر قبضہ

 



یروشلم :غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین نے بدھ کو یروشلم میں کوڑا دانوں کو آگ لگا دی اور عمارتوں پر قبضہ کر لیا، جس پر اسرائیلی حکام نے سخت مذمت کی اور پولیس نے نظم و ضبط بحال کرنے کے لیے مداخلت کی۔

یہ مظاہرے ان خاندانوں نے منظم کیے جن کے 48 رشتہ دار اب بھی 7 اکتوبر کو حماس کے حملے میں اغوا کیے گئے تھے۔ یہ احتجاج اسرائیلی دارالحکومت کے مختلف مقامات پر پھیل گیا، جن میں کنیسٹ (پارلیمنٹ)، نیشنل لائبریری، وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو اور اسٹریٹجک امور کے وزیر رون ڈرمر کی رہائش گاہیں شامل ہیں۔اسرائیلی پولیس کے مطابق مظاہرین نے نیتن یاہو کی رہائش گاہ کے قریب کوڑا دانوں اور ٹائروں کو آگ لگا دی، جس سے کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور قریبی عمارتوں کے مکینوں کو نکالنا پڑا۔ تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور ایمرجنسی سروسز نے آگ پر قابو پا لیا۔

سب سے ڈرامائی مناظر نیشنل لائبریری کے سامنے دیکھنے میں آئے، جہاں مظاہرین نے چھت پر خود کو محصور کر لیا اور "غفلت اور قتل" کے الفاظ والے دو بڑے بینر نیتن یاہو کی تصویر کے ساتھ لٹکائے۔ درجنوں مزید مظاہرین باغیچے میں جمع ہوگئے جبکہ کارکن چھت پر موجود رہے۔

پولیس کمشنر ڈینیئل لیوی نے یروشلم ڈسٹرکٹ کمانڈرز کو حکم دیا کہ "ہر ممکن طریقے سے نظم بحال کریں"۔ حکام نے زور دیا کہ پُرامن احتجاج کی اجازت ہے، لیکن پرتشدد کارروائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی پولیس ہر شخص کو قانونی احتجاج کے حصے کے طور پر اپنی رائے کے اظہار کا حق دے گی۔ لیکن ہم عوامی نظم کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، جس میں کوڑا دان جلانا، توڑ پھوڑ، سڑکوں کی ناکہ بندی یا کوئی بھی غیر قانونی عمل شامل ہے جو عوامی سلامتی یا روزمرہ زندگی کو متاثر کرے۔

سرکاری اہلکاروں نے مظاہرین کی حکمت عملی پر سخت تنقید کی۔ انتہا پسند دائیں بازو کے نیشنل سکیورٹی وزیر ایتامار بن گویر، جو پولیس کی کارروائیوں کی نگرانی کرتے ہیں، نے ان واقعات کو "دہشت گردی" قرار دیا اور کہا کہ "وزیرِ اعظم کے گھر کے قریب آج صبح ہونے والی آگ زنی کی دہشت گرد لہر مجرمانہ اٹارنی جنرل کی حمایت سے ہوئی جو ملک کو جلانا چاہتا ہے۔

وزیرِ تعلیم یوآو کش نے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا: "وہ مجرم جنہوں نے شہریوں کی گاڑیاں جلائیں اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس سے یرغمالیوں کی واپسی میں کوئی مدد نہیں ملتی — یہ صرف انارکی ہے۔

وزیرِ انصاف یاریو لیون نے بھی ان واقعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا: "آج صبح جو کچھ ہو رہا ہے اس کا صرف ایک نام ہے — دہشت گردی۔

احتجاجی تنظیم "برادرز ان آرمز"نے کہا کہ سیکڑوں مظاہرین ڈرمر کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوئے اور انہیں یرغمالیوں کے بحران کا ذمہ دار قرار دیا۔ تنظیم نے بیان دیا: "ڈرمر کو سب سے بڑی ذمہ داری دی گئی تھی کہ یرغمالیوں کو واپس لائیں۔ نتائج سب کے سامنے ہیں: 48 یرغمالی اب بھی سرنگوں میں ہیں اور ان کی ذمہ داری کے تحت ایک بھی واپس نہیں آیا۔

اس تنظیم نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ جان بوجھ کر ایک جامع معاہدے کو سبوتاژ کر رہی ہے اور انتہا پسند وزیروں کے سیاسی مفادات کو یرغمالیوں کی جانوں پر ترجیح دے رہی ہے۔ "اب وقت آگیا ہے کہ اس بے رحمی کو ختم کر کے ایک جامع معاہدے کو آگے بڑھایا جائے تاکہ سب کو واپس لایا جا سکے، چاہے اس کے لیے جنگ روکنی پڑے۔"

اس سے پہلے صبح کے وقت جنگی فوجیوں کی ماؤں نے یروشلم کے داخلی دروازے پر ایک الگ احتجاج کیا، جس میں یرغمالیوں اور فوجیوں دونوں کو بچانے کے لیے جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ "ماؤں اور خواتین کا اتحاد"دن بھر شہر کے داخلی راستے پر احتجاج جاری رکھے رہا، جس میں غزہ جنگ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔یہ احتجاج ایسے وقت میں سامنے آیا جب منگل کو ہزاروں اسرائیلی فوجی غزہ شہر پر متوقع حملے کی تیاری کے لیے ریزرو ڈیوٹی پر رپورٹ کرنے پہنچے۔ غزہ شہر کو غزہ پٹی میں حماس کا آخری گڑھ سمجھا جاتا ہے۔یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیلی سرحدی بستیوں پر حملوں میں تقریباً 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے اور 252 اسرائیلی اور غیر ملکی یرغمال بنا لیے گئے تھے۔ باقی ماندہ 48 یرغمالیوں میں سے تقریباً 20 کے زندہ ہونے کا یقین کیا جاتا ہے۔