واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اوہائیو کے گورنر کے انتخاب میں اپنے ساتھی ریپبلکن اور ’’قریبی دوست‘‘ وویک راماسوامی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت سے سیاست دان بننے والے راماسوامی ’’اوہائیو کے بہترین گورنر ثابت ہوں گے‘‘۔ 41 سالہ راماسوامی کے حق میں وینس کی حمایت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند ہفتے قبل سنسناٹی میں ینگ امریکنز فار لبرٹی کانفرنس کے دوران راماسوامی کو بعض متنازع بیانات پر سامعین کی جانب سے ہوٹنگ اور احتجاج کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اوہائیو میں جمعہ کو ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا، ’’ہمارے پاس، میرا خیال ہے، ایک بہترین گورنر امیدوار ہے اور اوہائیو کا اگلا بہترین گورنر بھی، میرے دوست وویک راماسوامی۔‘‘ گورنری انتخاب سے مراد کسی امریکی ریاست کے گورنر کے انتخاب کے لیے ہونے والا الیکشن ہے۔
وینس نے کہا، ’’مجھے نہیں لگتا کہ کسی کو وویک کو اس دن پولنگ مرکز جانے کے لیے ترغیب دینی پڑی ہوگی۔ جب آپ کا نام بیلٹ پیپر پر ہو تو کسی کو آپ سے ووٹ ڈالنے کے لیے کہنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ لیکن وویک ریاست اوہائیو کے بہترین گورنر ثابت ہوں گے۔‘‘ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حمایت کے ساتھ راماسوامی نے مئی میں ریپبلکن پارٹی کی پرائمری جیت کر نومبر میں ہونے والے گورنر کے انتخاب کے لیے پارٹی کے امیدوار کی حیثیت حاصل کی تھی۔
راماسوامی اس سے قبل ٹرمپ کے ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی (DOGE) کے شریک سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2024 میں صدارتی انتخاب لڑنے کی مہم بھی شروع کی تھی، تاہم بعد میں دستبردار ہو کر ڈونالڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کر دیا تھا۔
کیرالہ سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کے بیٹے وویک راماسوامی اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی اور ییل لا اسکول سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد بایوٹیکنالوجی اور مالیاتی شعبوں میں کام کیا۔ وہ بایوٹیک کمپنی رویوینٹ سائنسز (Roivant Sciences) کے بانی ہیں اور 2014 سے 2021 تک اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی رہے۔