جاپانی وزیر خارجہ کواڈ ویٹنگ کے لیے ہندوستان پہنچیں گے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-05-2026
جاپانی وزیر خارجہ کواڈ ویٹنگ کے لیے ہندوستان پہنچیں گے
جاپانی وزیر خارجہ کواڈ ویٹنگ کے لیے ہندوستان پہنچیں گے

 



نئی دہلی
جاپان کے وزیرِ خارجہ توشی متسو موٹیگی کواڈ ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر آج ہندوستان پہنچ رہے ہیں۔ وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وہ اپنے دورے کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے اور وزیرِ خارجہ ایس۔ جے شنکر کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق، موٹیگی آج نئی دہلی پہنچیں گے اور شام کے وقت حیدرآباد ہاؤس میں وزیرِ خارجہ ایس۔ جے شنکر سے ملاقات کریں گے۔منگل کو وہ کواڈ وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور اجلاس کے بعد مشترکہ پریس بیانات بھی جاری کیے جائیں گے۔
بعد ازاں منگل کو جاپانی وزیرِ خارجہ وزیرِ اعظم نریندر مودی سے سیوا تیرتھ میں ملاقات کریں گے۔علاقائی اور بین الاقوامی سفارتی سرگرمیوں کے تناظر میں، ہندوستان دارالحکومت نئی دہلی میں کواڈ ممالک کے وزرائے خارجہ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ اس اجلاس میں ہند-بحرالکاہل خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر غور کیا جائے گا۔
کواڈ کے اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں ہندوستان، امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان کے نمائندے شریک ہوں گے۔ یہ اجلاس 26 مئی کو وزیرِ خارجہ ایس۔ جے شنکر کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ایس۔ جے شنکر کی دعوت پر آسٹریلیا کی وزیرِ خارجہ پینی وونگ، جاپان کے وزیرِ خارجہ توشی متسو موٹیگی اور امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اجلاس میں شرکت کریں گے۔آزاد اور کھلے ہند-بحرالکاہل خطے کے کواڈ وژن کے مطابق، وزرائے خارجہ یکم جولائی 2025 کو واشنگٹن میں ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھائیں گے۔ اجلاس میں کواڈ تعاون کے ترجیحی شعبوں میں پیش رفت، جاری منصوبوں کا جائزہ اور ہند-بحرالکاہل خطے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
اس اجلاس میں علاقائی سلامتی، سمندری تعاون، سپلائی چین، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی و علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر بھی غور کیے جانے کا امکان ہے۔