وزیر اعظم تاکائیچی نے بتایا کہ انہوں نے ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے نامزد کیا تھا: وائٹ ہاؤس

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 28-10-2025
وزیر اعظم تاکائیچی نے بتایا کہ انہوں نے ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے نامزد کیا تھا: وائٹ ہاؤس
وزیر اعظم تاکائیچی نے بتایا کہ انہوں نے ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے نامزد کیا تھا: وائٹ ہاؤس

 



ٹوکیو/ آواز دی وائس
جاپان کی وزیرِاعظم تاکائیچی  نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا ہے کہ انہوں نے انہیں نوبل امن انعام کے لیے نامزد کیا ہے۔ یہ انکشاف ٹرمپ اور تاکائیچی کی ملاقات کے دوران ہوا، جو ایشیا میں ٹرمپ کے جاری سفارتی دوروں کا حصہ ہے۔ کیوڈو نیوز کے مطابق، وائٹ ہاؤس نے اس بات کی تصدیق کی کہ جاپانی رہنما نے گفتگو کے دوران ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے ان کی نامزدگی سے آگاہ کیا۔
اکاساکا پیلس میں ہونے والی ملاقات کے دوران، تاکائیچی نے ٹرمپ کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی، خاص طور پر تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن کے فروغ اور غزہ کے تنازعے میں جنگ بندی کرانے میں ان کے کردار کی۔ تاکائیچی نے کہا کہ صدر صاحب! آپ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ کامیابی سے کروایا... نیز مشرقِ وسطیٰ میں جو معاہدہ آپ نے حال ہی میں انجام دیا ہے، وہ ایک بے مثال اور تاریخی کامیابی ہے۔
ان کے یہ الفاظ ٹرمپ کے اس بیان سے ہم آہنگ تھے جس میں وہ خود کو اکثر "امن کے صدر" کہتے ہیں ۔ ایک ایسا لقب جس کے ذریعے وہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے دنیا کے کئی بڑے تنازعات ختم کروائے، جن میں غزہ، ہندوستان و پاکستان، اور تھائی لینڈ و کمبوڈیا کے درمیان جھگڑے شامل ہیں۔ اگرچہ ٹرمپ کو اس سال نوبل امن انعام نہیں ملا، مگر انہیں بین الاقوامی سطح پر اب بھی حمایت حاصل ہے۔ اسرائیل، پاکستان، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ سمیت کئی ممالک نے کھل کر ان کی حمایت کی ہے اور باضابطہ طور پر انہیں اس اعزاز کے لیے نامزد بھی کیا ہے۔ کمبوڈیا کے وزیرِاعظم ہُن مانیت نے ملیشیا کے دورے کے دوران، جہاں ٹرمپ نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان "امن معاہدہ" کی نگرانی کی، کہا کہ وہ امریکی صدر کو نوبل انعام کے لیے نامزد کریں گے۔
انہوں نے کوالالمپور میں کہا کہ آپ کی امن کے فروغ کے لیے غیر متزلزل وابستگی اور ثابت قدم کوششوں کے اعتراف میں  نہ صرف کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان بلکہ دیگر اقوام کے مابین بھی اور کمبوڈیا کے عوام کی شکرگزاری کے اظہار کے طور پر، میں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کیا ہے۔ جولائی میں، گیبون کے صدر بریس اولیگی نگیما نے روانڈا اور کانگو کے جمہوری جمہوریہ کے درمیان خونی تنازعے کے خاتمے کے لیے امریکی ثالثی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ اب اس خطے میں امن لوٹا رہے ہیں جہاں یہ کبھی ممکن نہ تھا، اس لیے میری رائے میں وہ واقعی نوبل امن انعام کے مستحق ہیں۔
اسی دوران، ٹرمپ اور تاکائیچی کے درمیان دستخط کیے گئے معاہدوں میں ایک اہم معاہدہ وہ بھی تھا جو نایاب معدنیات سمیت اہم معدنی وسائل کی فراہمی اور تحفظ کے لیے تعاون سے متعلق ہے، تاکہ معاشی سلامتی کو مضبوط کیا جا سکے  جو بظاہر چین کے تناظر میں ہے۔
تاکائیچی نے عہد کیا کہ وہ ٹرمپ کے ساتھ مل کر جاپان-امریکہ اتحاد کے "نئے سنہری دور" کی تعمیر کریں گی، اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اب "دنیا کا سب سے عظیم اتحاد" بن چکے ہیں۔ ٹرمپ نے تاکائیچی سے کہا کہ ہم ایک شاندار تعلق قائم کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ہمیشہ جاپان سے گہری محبت اور احترام رہا ہے، اور میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ تعلق پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں صرف یہ بتانا چاہتا ہوں ۔ اگر کبھی آپ کے ذہن میں کوئی سوال، کوئی شک، کوئی ضرورت یا مدد کی کوئی درخواست ہو — تو جاپان کی مدد کے لیے ہم ہمیشہ تیار ہوں گے۔ امریکی صدر نے اپنے ایشیائی دورے کا آغاز ملیشیا سے کیا، جہاں انہوں نے آسیان اجلاس میں شرکت کی اور تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے میں ثالثی کا کردار ادا کیا۔
جاپان میں ملاقاتوں کے بعد، ٹرمپ بدھ کے روز جنوبی کوریا جائیں گے جہاں وہ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن  اجلاس میں شرکت کریں گے۔ سیول میں قیام کے دوران وہ چین کے صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔