ٹوکیو: جاپان نے جمعرات کو ہیروشیما پر ہونے والے ایٹمی حملے کی 81ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی اور تاریخ کے اس المناک سانحے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک بار پھر جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق سالانہ یادگاری تقریب ہیروشیما کے امن یادگار پارک میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم سَنائے تاکائیچی نے 123 ممالک اور خطوں کے نمائندوں کے ساتھ شرکت کی اور حملے میں جان گنوانے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب کے دوران ایٹمی حملے کے متاثرین کی تازہ فہرست یادگار کے مقبرے میں رکھی گئی۔ این ایچ کے کے مطابق اب اس فہرست میں 353639 افراد کے نام شامل ہیں جن میں وہ زندہ بچ جانے والے افراد بھی شامل ہیں جو گزشتہ ایک برس کے دوران انتقال کر گئے۔ شرکا نے صبح 8 بج کر 15 منٹ پر خاموشی اختیار کی۔ یہی وہ وقت تھا جب 6 اگست 1945 کو ہیروشیما پر ایٹم بم گرایا گیا تھا۔ہیروشیما پر ایٹمی حملہ دوسری عالمی جنگ کے آخری دنوں کا ایک فیصلہ کن واقعہ تھا۔ امریکہ نے شہر پر یورینیم پر مبنی ایٹم بم "لٹل بوائے" گرایا جس کے نتیجے میں زبردست دھماکہ اور شدید حرارت نے شہر کو تباہ کر دیا۔ 1945 کے اختتام تک اندازاً 140000 افراد دھماکے۔ جھلسنے اور تابکاری کے اثرات کے باعث جان کی بازی ہار چکے تھے۔
اس کے تین دن بعد 9 اگست کو امریکہ نے ناگاساکی پر دوسرا ایٹم بم "فیٹ مین" گرایا۔ 15 اگست 1945 کو جاپان نے ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیا اور اس کے ساتھ ہی دوسری عالمی جنگ اپنے اختتام کو پہنچی۔
این ایچ کے کے مطابق حملے سے بچ جانے والے افراد جنہیں "ہیباکوشا" کہا جاتا ہے زندگی بھر سرطان اور تابکاری سے متعلق دیگر بیماریوں سمیت مختلف طبی مسائل کا سامنا کرتے رہے۔ رواں سال مارچ کے اختتام تک جاپان میں تقریباً 91000 ہیباکوشا زندہ تھے جن کی اوسط عمر 86 برس ہے۔رپورٹ کے مطابق اگرچہ ہیباکوشا کئی دہائیوں سے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کی مہم چلا رہے ہیں لیکن عالمی سلامتی کی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ امریکہ اور روس کے درمیان نیو اسٹارٹ معاہدے کی فروری میں مدت ختم ہونے اور مغربی ایشیا میں کشیدگی کے باعث مئی میں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے جائزہ اجلاس میں متفقہ اعلامیہ منظور نہ ہو سکنے نے جوہری خطرات سے متعلق خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔ان حالات کے پیش نظر ہیروشیما نے ایک بار پھر عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے اور پائیدار عالمی امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔