جے شنکر کا یورپ کو جواب

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-06-2026
جے شنکر کا یورپ کو جواب
جے شنکر کا یورپ کو جواب

 



ہیلسنکی
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے روس-یوکرین جنگ کے حوالے سے ہندوستان کی پالیسی اور روس سے تیل خریدنے کے فیصلے کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے مغربی ممالک کی تنقید کا سخت جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنی توانائی کی ضروریات قیمت اور دستیابی کی بنیاد پر پوری کرتا ہے، جبکہ یورپی ممالک ایسے ہتھیار فروخت کرتے ہیں جو ہندوستان کے خلاف استعمال کیے جاتے ہیں۔
فن لینڈ میں منعقدہ "کلتارانتا ٹاکس" پروگرام کے دوران ’’ابھرتی ہوئی طاقتیں اور نئی جغرافیائی سیاسی مسابقت‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے جے شنکر نے یہ تبصرہ کیا۔ ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ روس-یوکرین تنازع میں ہندوستان روس کے لیے نرم گوشہ رکھتا ہے اور روس سے تیل خریدنے پر آمادہ رہتا ہے۔اس پر وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ہندوستان کی پالیسی مکمل طور پر قومی مفادات پر مبنی ہے۔
جے شنکر نے کہا کہ ہم تیل کی خریداری قیمت اور دستیابی کی بنیاد پر کرتے ہیں۔ اُس وقت عالمی منڈی میں روسی تیل بڑی مقدار میں دستیاب تھا کیونکہ یورپی ممالک مشرق وسطیٰ سے تیل خرید رہے تھے، جو روایتی طور پر ہندوستان کے اہم سپلائرز میں شامل رہا ہے۔ ان حالات نے ہمیں ایک مختلف سمت اختیار کرنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے مغربی ممالک کے مؤقف میں موجود تضادات کی طرف بھی اشارہ کیا۔ جے شنکر نے کہا کہ کسی بھی یورپی ملک پر کبھی ہندوستانی ہتھیاروں سے حملہ نہیں ہوا، لیکن ہندوستان کے معاملے میں صورتحال مختلف ہے۔
جب ان سے اس بیان کی مزید وضاحت کرنے کو کہا گیا تو انہوں نے کہا کہ یورپ ایسے ہتھیار فروخت کرتا ہے جو ہندوستان پر حملوں میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ یہ صرف آج کی بات نہیں بلکہ کئی برسوں سے ایسا ہوتا آ رہا ہے۔ دوسری جانب ہندوستان نے کبھی کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جس سے یورپ کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا ہو۔ اس لیے ہمارا نقطۂ نظر مکمل طور پر جائز ہے۔
وزیر خارجہ نے یہ بھی یاد دلایا کہ سال 2022 میں خود امریکہ نے عالمی توانائی منڈی کو مستحکم رکھنے میں ہندوستان کے کردار کو اہم قرار دیا تھا۔ان کے مطابق، مغربی ممالک کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد عالمی تیل منڈی میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی تھی اور اُس وقت امریکہ نے ہندوستان کو روسی خام تیل خریدنے کی حوصلہ افزائی کی تھی تاکہ تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ اور عالمی مہنگائی کو روکا جا سکے۔
جے شنکر نے کہا کہ اُس وقت امریکہ نے براہِ راست ہندوستان سے کہا تھا کہ وہ روسی تیل خریدے تاکہ عالمی تیل منڈی متوازن رہ سکے۔ ہندوستان ہمیشہ قیمت اور دستیابی کو مدنظر رکھ کر توانائی خریدتا ہے اور یہی ہماری مستقل پالیسی رہی ہے۔
انہوں نے مغربی ممالک کی پابندیوں کی پالیسی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عالمی تجارت اور توانائی کی سلامتی جیسے پیچیدہ معاملات کو محض منتخب اخلاقی پیمانوں سے نہیں دیکھا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر ملک اپنی عوام اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے عملی فیصلے کرتا ہے اور ہندوستان بھی اسی اصول پر عمل پیرا ہے۔
یورپ کے دورے کے دوران جے شنکر کے اس بیان کو ہندوستان کی آزاد خارجہ پالیسی اور تزویراتی خودمختاری کا واضح پیغام قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر دوہرایا کہ نئی دہلی توانائی اور سلامتی سے متعلق اپنے تمام فیصلے قومی مفادات کی بنیاد پر ہی کرتا رہے گا۔