تہران
ایران نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگ کے خاتمے سے متعلق دعووں پر سخت اور چیلنج بھرے انداز میں ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی اہداف کے خلاف فوجی کارروائیوں کے خاتمے کا فیصلہ صرف تہران ہی کرے گا۔ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے ایک سخت بیان میں واشنگٹن کی جانب سے جنگ کے لیے طے کردہ مدت کو مسترد کر دیا۔ اس خصوصی فوجی دستے کا کہنا تھا کہ اب خطے کا مستقبل امریکی مداخلت نہیں بلکہ تہران کی فوجی حکمتِ عملی کے مطابق طے ہوگا۔
بیان میں کہا گیا كہ جنگ کے خاتمے کا فیصلہ ہم کریں گے۔ خطے کے حالات اور مستقبل کا اختیار اب ہماری مسلح افواج کے ہاتھ میں ہے، امریکی فوج اس جنگ کا خاتمہ نہیں کر سکتی۔پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے امریکی صدر پر الزام لگایا کہ وہ تہران کے بقول “شرمناک شکستوں” کے بعد عوامی رائے کو متاثر کرنے کے لیے چالاکی اور فریب کا سہارا لے رہے ہیں۔ ترجمان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ خطے میں جہازوں کے محفوظ گزرنے سے متعلق ٹرمپ کے دعوے غلط ہیں اور ایرانی حملوں سے بچنے کے لیے امریکی بحری جہاز اور لڑاکا طیارے ایک ہزار کلومیٹر سے بھی زیادہ دور ہٹ گئے ہیں۔
بیان میں امریکی بحریہ کی نقل و حرکت کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا گیا کہ “بزدل اور خوفزدہ سپاہیوں” نے اس وقت مزید فاصلے اختیار کر لیے جب بحری جہاز یو ایس ایس ابراہام لنکن پر میزائل داغے گئے۔ تہران نے یہ دعوے بھی مسترد کر دیے کہ ایران کے میزائلوں کا ذخیرہ کمزور ہو چکا ہے اور کہا کہ ایرانی ہتھیار اب جنگ کے ابتدائی دنوں کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہیں، جن میں سے بعض کے دھماکہ خیز حصوں کا وزن ایک ٹن سے بھی زیادہ ہے۔
جنگ کے باعث عالمی توانائی کی فراہمی متاثر ہونے کے دوران پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا کہ اگلے حکم تک خطے سے دشمن ممالک کو “تیل کا ایک قطرہ بھی برآمد نہیں کرنے دیا جائے گا”۔ یہ موقف سمندری تجارت کے تحفظ سے متعلق ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں کو براہِ راست چیلنج کرتا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر نے کہا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ ایک “مختصر مہم” ہوگی جس کا مقصد “برائی کا خاتمہ کرنا” ہے۔ تاہم انہوں نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب گاہ پر سخت انتباہ بھی جاری کیا تھا۔
ٹرمپ نے لکھا كہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل روکنے کی کوئی بھی کوشش کی تو امریکہ اسے اب تک کے مقابلے میں بیس گنا زیادہ سخت جواب دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ایسے اہداف کو نشانہ بنائے گا جنہیں آسانی سے تباہ کیا جا سکے تاکہ ایران کے لیے دوبارہ ایک مضبوط ملک بننا تقریباً ناممکن ہو جائے۔ انہوں نے اس آبی گزرگاہ کے تحفظ کو چین اور دیگر ممالک کے لیے امریکہ کی جانب سے ایک “تحفہ” قرار دیا جو اس راستے پر انحصار کرتے ہیں۔
یہ کشیدگی اس وقت مزید بڑھ گئی جب آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کو اپنے مرحوم والد کے بعد ایران کا نیا رہبر منتخب کیا گیا، جبکہ تیل کی قیمتیں بھی دو ہزار بائیس کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ادھر سفارتی حل کی کوششوں کے تحت روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے پیر کے روز مبینہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ کریملن کے مطابق پوتن نے خطے کے رہنماؤں اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے مشاورت کے بعد سیاسی اور سفارتی حل کے لیے چند تجاویز پیش کیں۔
دوسری جانب فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے تصدیق کی کہ فرانس اور اس کے اتحادی آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے ایک “مکمل طور پر دفاعی” مشن کی تیاری کر رہے ہیں۔ چونکہ دنیا کے تقریباً بیس فیصد خام تیل کی ترسیل اسی راستے سے ہوتی ہے، اس لیے میکرون نے عالمی معیشت کے مفادات کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔