نئی دہلی
وزیرِ اعظم نریندر مودی اور سلوواکیہ کے صدر پیٹر پیلیگرینی نے سلوواکیہ کے دارالحکومت براتسلاوا میں اسکولی بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے یوگا مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔مودی اپنے ایک ہفتے پر مشتمل یورپی دورے کے سلسلے میں براتسلاوا میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے وارانسی پر مبنی ایک دلکش نمائش بھی دیکھی۔
پیر کے روز انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ صدر پیٹر پیلیگرینی اور مجھے سلوواکیہ کے اسکولی بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے خصوصی یوگا مظاہرے کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔انہوں نے مزید کہا، ’’جیسے جیسے دنیا بین الاقوامی یومِ یوگا کی جانب بڑھ رہی ہے، نوجوانوں کو یوگا اپناتے دیکھنا انتہائی خوش آئند ہے۔ یہ بات بھی باعثِ مسرت ہے کہ یوگا فلاح و بہبود کے ذریعے لوگوں کو مسلسل ایک دوسرے کے قریب لا رہا ہے۔
بین الاقوامی یومِ یوگا ہر سال 21 جون کو منایا جاتا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی تجویز پر اقوامِ متحدہ نے سنہ 2014 میں اس دن کو بین الاقوامی یومِ یوگا کے طور پر تسلیم کیا تھا۔مودی نے ایک اور پوسٹ میں کہا کہ براتسلاوا میں بنارس کا ایک خوبصورت تعلق دیکھنے کو ملا۔
انہوں نے لکھا کہ گزشتہ روز براتسلاوا کے صدارتی محل میں صدر پیٹر پیلیگرینی اور میں نے وارانسی پر مرکوز ایک دلچسپ نمائش دیکھی۔ اس میں ان سلوواک فنکاروں کے فن پارے بھی شامل تھے جنہوں نے حال ہی میں اس شہر کا دورہ کیا تھا۔ فن اور ثقافت میں واقعی لوگوں کو قریب لانے کی ایک منفرد صلاحیت ہوتی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس نمائش میں جن فنکاروں کے فن پارے پیش کیے گئے، میں ان سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ایک الگ پوسٹ میں مودی نے معروف ادبی محقق ڈاکٹر رابرٹ گیفرک کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کیا، جنہوں نے دس اہم اپنشدوں کا سنسکرت سے سلوواک زبان میں ترجمہ کرنے کے لیے پانچ برس وقف کیے۔
مودی نے ایکس پر لکھا کہ گزشتہ شام براتسلاوا میں میری ملاقات ڈاکٹر رابرٹ گیفرک سے ہوئی، جنہوں نے اپنشدوں کو سلوواک زبان میں منتقل کرنے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔