ٹرمپ کی ’فوراً بمباری روکنے‘ کی اپیل ، اسرائیلی حملوں میں 70 فلسطینی جاں بحق

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 05-10-2025
ٹرمپ کی ’فوراً بمباری روکنے‘ کی اپیل ، اسرائیلی حملوں میں 70 فلسطینی جاں بحق
ٹرمپ کی ’فوراً بمباری روکنے‘ کی اپیل ، اسرائیلی حملوں میں 70 فلسطینی جاں بحق

 



تل ابیب: الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، ہفتے کے روز اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 70 فلسطینی جاں بحق ہوئے، جن میں دو ماہ سے آٹھ سال کی عمر کے سات بچے بھی شامل ہیں۔

یہ حملے اس وقت کیے گئے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کی جانب سے ان کے غزہ امن منصوبے کو قبول کیے جانے کے بعد اسرائیل سے ’’فوراً بمباری روکنے‘‘ کی اپیل کی۔غزہ سٹی، جو اسرائیل کی فوجی مہم کا مرکزی ہدف رہا ہے، میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔الجزیرہ کے مطابق، محکمہ صحت کے حکام نے تصدیق کی کہ وہاں 45 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ گزشتہ چند ہفتوں میں اسرائیلی حملوں نے دس لاکھ سے زائد غزہ کے شہریوں کو متاثر کیا ہے، جنہیں اپنے علاقے چھوڑ کر جنوبی غزہ کی جانب ہجرت کرنا پڑی۔تُفّاح محلے میں ایک رہائشی مکان پر فضائی حملے میں 18 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ دھماکے سے قریب کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔اسرائیلی افواج نے جنوبی غزہ کے بے گھر افراد کے کیمپ ’المواسی‘ پر بھی حملہ کیا، جہاں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو انخلا کا حکم دیا تھا۔ اس حملے میں دو بچے جاں بحق اور کم از کم آٹھ افراد زخمی ہوئے۔ادھر، ٹرمپ نے اس بات پر اظہارِ اطمینان کیا کہ اسرائیل نے عارضی طور پر بمباری روک دی تاکہ یرغمالیوں کی رہائی اور امن معاہدے کا موقع فراہم ہو سکے، لیکن حماس کو خبردار کیا کہ اگر اس نے تاخیر کی تو ’’تمام معاہدے ختم تصور ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں سراہتا ہوں کہ اسرائیل نے عارضی طور پر بمباری روک دی ہے تاکہ یرغمالیوں کی رہائی اور امن معاہدے کو مکمل ہونے کا موقع دیا جا سکے۔ حماس کو تیزی سے آگے بڑھنا چاہیے، ورنہ سب کچھ ختم ہو جائے گا۔ میں کسی تاخیر کو برداشت نہیں کروں گا، جیسا کہ کئی لوگ سمجھتے ہیں کہ ایسا ہو سکتا ہے، یا کسی ایسے نتیجے کو قبول نہیں کیا جائے گا جس میں غزہ دوبارہ خطرہ بنے۔ آئیے اس معاملے کو جلد از جلد نمٹاتے ہیں — سب کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔بعد ازاں، ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ اسرائیل پہلے ہی ایک ابتدائی ’’واپسی کی لکیر‘‘ (withdrawal line) کی نشاندہی کر چکا ہے۔

انہوں نے لکھاجب حماس تصدیق کر دے گی، جنگ بندی فوراً نافذ ہو جائے گی، یرغمالیوں اور قیدیوں کا تبادلہ شروع ہوگا، اور ہم انخلا کے اگلے مرحلے کے لیے حالات تیار کریں گے۔وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ ٹرمپ اس سلسلے میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کُشنر کو مصر بھیج رہے ہیں تاکہ یرغمالیوں کی رہائی اور قیدیوں کے تبادلے کی تفصیلات طے کی جا سکیں۔ مصر کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ حماس اور اسرائیل کے وفود بھی پیر کے روز مذاکرات میں شامل ہوں گے۔

حماس نے ٹرمپ کے منصوبے کے بعض حصوں، جیسے اسرائیل کی غزہ سے واپسی اور تقریباً 2,000 فلسطینی قیدیوں کے اسرائیلی قیدیوں سے تبادلے پر رضامندی کا اشارہ دیا ہے۔ تاہم، گروپ نے ابھی تک اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ آیا وہ غیر مسلح ہونے(disarmament) پر راضی ہوگا، جو کہ امریکی تجویز کا مرکزی نکتہ ہے۔اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے یروشلم میں بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ مذاکرات کار باقی یرغمالیوں کی رہائی کے شیڈول پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حماس کو غیر مسلح ہونا ہی ہوگا۔

انہوں نے کہا:’یہ مقصد یا تو ٹرمپ کے منصوبے کے ذریعے حاصل کیا جائے گا یا اسرائیلی فوجی کارروائی کے ذریعے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز غزہ کے اندر اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔جواب میں، حماس نے اسرائیل پر امریکہ کی جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود ’’جرائم‘‘ جاری رکھنے کا الزام لگایا۔حماس نے کہاصیہونی قابض فوج ہمارے فلسطینی عوام کے خلاف غزہ پٹی میں اپنی ہولناک جارحیت اور قتلِ عام جاری رکھے ہوئے ہے۔گروپ نے عرب اور اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ ’’ہمارے عوام کے تحفظ اور امداد کے لیے فوری اقدامات کریں۔