جنوبی لبنان میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 31-03-2026
جنوبی لبنان میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک
جنوبی لبنان میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک

 



تل ابیب:اسرائیلی فوج نے منگل کے روز تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں جھڑپوں کے دوران 4 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔فوج کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کیپٹن نوم مدمنی اسٹاف سارجنٹ بین کوہن اور اسٹاف سارجنٹ میکسیم اینٹس شامل ہیں جبکہ چوتھے فوجی کا نام تاحال ظاہر نہیں کیا گیا۔

اس واقعے میں 2 مزید فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ دوسرے کو درمیانی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔ فوج کا کہنا ہے کہ تمام متاثرہ خاندانوں کو اطلاع دے دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق 28 فروری سے شروع ہونے والے آپریشن روئرنگ لائن کے بعد سے اب تک لبنان میں لڑائی کے دوران 9 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

جنگ کے آغاز سے اب تک لبنان اور ایران کی جانب سے راکٹ اور میزائل حملوں میں 22 شہری بھی جان گنوا چکے ہیں۔ حالیہ واقعے میں شمالی اسرائیل کے شہر نہاریا میں 43 سالہ یوری پیریٹز ایک راکٹ حملے میں ہلاک ہو گئے جبکہ 25 افراد زخمی ہوئے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری امریکی اسرائیلی فوجی کارروائی اپنے ہدف کے نصف سے آگے بڑھ چکی ہے۔انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس مشترکہ فوجی مہم کے ذریعے ایران کی فوجی اور جوہری صلاحیت کو کافی حد تک کمزور کر دیا گیا ہے۔

ان کے مطابق اب توجہ ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخیرے کو محفوظ بنانے یا ختم کرنے پر مرکوز ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل اور امریکہ نے ایران کے میزائل نظام اسلحہ فیکٹریوں اور جوہری پروگرام سے وابستہ اہم افراد کو نشانہ بنایا ہے جس سے ایران کے عزائم کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔