وزیر اعظم نیتن یاہو کا دورہ ہندوستان ملتوی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-11-2025
وزیر اعظم نیتن یاہو کا دورہ ہندوستان ملتوی
وزیر اعظم نیتن یاہو کا دورہ ہندوستان ملتوی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کا دسمبر میں ہندوستان کے طے شدہ دورہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، دہلی میں دو ہفتے قبل ہوئے دھماکے کے بعد سکیورٹی خدشات کے سبب نیتن یاہو کا یہ دورہ ملتوی کیا گیا ہے۔
مہلک دھماکے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نے دہشت گردی کے سامنے دونوں ممالک کے اٹوٹ حوصلے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردی شہروں کو نشانہ بنا سکتی ہے، مگر مضبوط ممالک کی روح کو نہیں توڑ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے عزیز دوست نریندر مودی اور ہندوستان کے بہادر عوام کے نام: سارا اور میں، اور اسرائیل کے لوگ متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اس وقتِ غم و صدمے میں اسرائیل آپ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کا آخری سرکاری دورۂ ہندوستان 14 سے 19 جنوری 2018 تک چھ دنوں پر مشتمل تھا۔ یہ کسی اسرائیلی وزیر اعظم کا ہندوستان کا دوسرا دورہ تھا، جبکہ اس سے تقریباً چھ ماہ قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے 2017 میں اسرائیل کا تاریخی دورہ کیا تھا۔
حال ہی میں، مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت پیّوش گوئل نے اتوار کو اسرائیل کے اپنے تین روزہ کامیاب دورے کا اختتام کیا، جہاں انہوں نے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقات کی۔
گوئل نے وزیر اعظم نریندر مودی کی گرمجوشانہ نیک تمنائیں نیتن یاہو تک پہنچائیں اور وزیر نِر بارکات کے ساتھ اپنی بات چیت اور بزنس فورم و سی ای اوز فورم کے نتائج سے انہیں آگاہ کیا۔ ایکس پر ایک پوسٹ میں گوئل نے بتایا کہ فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی اے) مذاکرات شروع کرنے کے لیے ’ٹرمز آف ریفرنس‘ پر دستخط کیے گئے، جن سے تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی تعاون میں اضافہ ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے اسرائیل کی ہائی ٹیک مہارت کو ہندوستان کی آبادیاتی قوت اور صلاحیت کے ساتھ جوڑ کر اختراعاتی شراکت داری مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔
گوئل نے زراعت، پانی، دفاع، سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع جیسے شعبوں میں معاشی و تزویراتی تعاون کو گہرا کرنے کے لیے نیتن یاہو سے رہنمائی بھی طلب کی۔ یہ ملاقات ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان اقتصادی، تکنیکی اور تزویراتی میدانوں میں بڑھتی ہوئی شراکت داری کی نشاندہی کرتی ہے، جو آنے والے برسوں میں مزید وسیع تعاون کی راہ ہموار کرے گی۔