تل ابیب
اسرائیلی حکام نے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے اس فیصلے پر شدید تنقید کی ہے جس کے تحت انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطالبے پر لبنان میں مجوزہ حملے روک دیے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب امریکی ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق لبنان میں اسرائیلی حملوں کے معاملے پر ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ایک سخت ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق ٹرمپ نے اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے حملوں کے جواب میں دیے جانے والے فوجی ردعمل کو غیر متناسب قرار دیتے ہوئے شدید ناراضی کا اظہار کیا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ انہوں نے نیتن یاہو سے بیروت پر بڑے حملے سے گریز کرنے کو کہا تھا۔ ان کے بقول، "انہوں نے اپنی فوج کو واپس موڑ لیا، شکریہ بی بی!۔
امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی حزب اللہ قیادت کے نمائندوں سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے اسرائیل اور اس کی فوج پر فائرنگ روکنے پر اتفاق کیا ہے۔تاہم اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اسرائیل کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا اور اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) جنوبی لبنان میں اپنے طے شدہ منصوبوں کے مطابق کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ٹرمپ کے اعلان کے بعد ایک اسرائیلی ذریعے نے بتایا کہ اسرائیل نے بیروت پر مجوزہ حملے مؤخر کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، حالانکہ چند گھنٹے قبل نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے فوج کو بیروت میں حزب اللہ کے اہداف پر حملے کی ہدایت دی تھی۔اس فیصلے کے بعد کئی اسرائیلی رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر نیتن یاہو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
قومی سلامتی کے وزیر ایتامار بن گویر نے ایکس پر نیتن یاہو سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹرمپ کو "نہیں" کہیں اور حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں۔انہوں نے لکھا کہ آپ نے خود کہا تھا کہ ایک مضبوط وزیر اعظم امریکی صدر کو جہاں ممکن ہو 'ہاں' اور جہاں ضروری ہو 'نہیں' کہتا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہمارے دوست صدر ٹرمپ کو 'نہیں' کہا جائے۔ یہی وقت ہے کہ حزب اللہ پر بھرپور ضرب لگائی جائے، ہمارے جنگجوؤں کو کھل کر کارروائی کی اجازت دی جائے اور شمالی علاقوں میں سکیورٹی بحال کی جائے۔
یروشلم پوسٹ کے مطابق سابق سربراہِ فوج اور یاشار پارٹی کے رہنما گادی آئزن کوٹ نے ٹرمپ کے مطالبے کو "ذلت آمیز اور غیر معقول" قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو وہ شخص ہیں جو دوسروں کو یہ سبق دیتے رہے ہیں کہ ایک وزیر اعظم کو امریکی صدر کو ضرورت پڑنے پر "نہیں" کہنا آنا چاہیے۔ادھر اپوزیشن رہنما یائیر لاپید نے نیتن یاہو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسا رویہ اختیار کر رہے ہیں جیسے اسرائیل امریکہ کی زیرِ سرپرستی کوئی ریاست ہو۔لاپید نے ہفتے کے روز لبنان سے ہونے والی راکٹ باری کے جواب میں "طاقتور ردعمل" کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی شہریوں کی حفاظت کی ذمہ داری صرف اسرائیلی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
اسرائیلی رکن پارلیمان اوڈیڈ فورر نے بھی نیتن یاہو پر زور دیا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور شمالی علاقوں کے رہائشیوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔یہ تنازع ایسے وقت میں شدت اختیار کر گیا ہے جب گزشتہ ہفتے کے اختتام پر اسرائیلی افواج نے گزشتہ 26 برسوں میں پہلی بار لبنان کے اندر اپنی سب سے گہری زمینی کارروائی انجام دی۔
مزید برآں پیر کے روز نیتن یاہو نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں، جو حزب اللہ کا مضبوط گڑھ سمجھے جاتے ہیں، پر نئے حملوں کی ہدایت جاری کی، جس سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔