اسرائیلی فورسز نے گریٹا تھنبرگ کو حراست میں لیا، دس سے زائد فلوٹیلا جہاز روک دیے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-10-2025
اسرائیلی فورسز نے گریٹا تھنبرگ کو حراست میں لے لیا، بحریہ نے دس سے زائد فلوٹیلا جہاز روک دیے
اسرائیلی فورسز نے گریٹا تھنبرگ کو حراست میں لے لیا، بحریہ نے دس سے زائد فلوٹیلا جہاز روک دیے

 



تل ابیب [اسرائیل]، 2 اکتوبر (اے این آئی): اسرائیلی فورسز نے ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کو غزہ جاتے ہوئے روک لیا اور متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا، جن میں ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی شامل ہیں، ٹائمز آف اسرائیل نے اطلاع دی۔

اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے مطابق، جن کشتیوں پر سب سے پہلے چھاپہ مارا گیا، ان میں سے ایک پر گریٹا تھنبرگ موجود تھیں۔ وزارت نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں ایک اسرائیلی فوجی کو ان کی تحویل میں موجود سامان واپس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ وزارت نے کہا: ’’گریٹا اور ان کے ساتھی محفوظ اور صحت مند ہیں‘‘ اور اس بات کی تصدیق بھی کی کہ کئی جہاز اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف موڑ دیے گئے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق، 47 کشتیوں میں سے صرف 6 پر اسرائیلی فوجیوں نے کارروائی کی اور ان پر سوار 37 مختلف ممالک کے 150 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

وزارتِ خارجہ نے ایک اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’’حماس-صمود فلوٹیلا کی کئی کشتیوں کو بحفاظت روک دیا گیا ہے اور ان کے مسافروں کو اسرائیلی بندرگاہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ گریٹا اور ان کے دوست محفوظ اور صحت مند ہیں۔‘‘

اس سے قبل، اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے غزہ میں اپنی فوج کے ذریعے ملنے والے کچھ دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ موجودہ فلوٹیلا کی قیادت براہِ راست حماس کے غیر ملکی ونگ ’’فلسطینی کانفرنس فار فلسطینیان‘‘ (PCPA) سے جڑی ہوئی ہے۔

فلوٹیلا کے ترجمان سیف ابو کشیک نے بدھ کو ایک سوشل میڈیا اپ ڈیٹ میں بتایا کہ اب تک 13 جہازوں کو روک لیا گیا ہے، جبکہ تقریباً 30 ابھی بھی سمندر میں موجود ہیں اور اپنے سفر کو غزہ کی طرف جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’وہ پُرعزم ہیں اور صبح سویرے اس محاصرے کو توڑنے کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

ان کے مطابق، 37 ممالک سے تعلق رکھنے والے 200 سے زیادہ کارکنان اس فلوٹیلا میں شامل ہیں، جن میں اسپین، اٹلی، ترکی اور ملائیشیا کے گروپ بھی ہیں۔

جمعہ کی رات اسرائیلی بحریہ نے سب سے پہلے ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کی کئی کشتیوں کو اس وقت روکا جب وہ غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق فوج نے فلوٹیلا کو راستہ بدلنے اور واپس جانے کے لیے کئی وارننگز جاری کی تھیں۔

یہ فلوٹیلا، جس پر امدادی سامان اور 30 سے زیادہ ممالک سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں کارکنان سوار تھے، بین الاقوامی پانیوں سے گزر رہی تھی جب اسرائیلی فورسز نے کارروائی کی۔

اسرائیل کی وزارتِ خارجہ نے اس مہم کو ’’حماس-صمود فلوٹیلا‘‘ قرار دیا اور کارکنان پر حماس کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا۔ بحریہ نے کشتیوں کو روکنے کے لیے واٹر کینن، الیکٹرانک جیمنگ اور بورڈنگ پارٹیز کا استعمال کیا۔

اس کارروائی پر فوری طور پر تنقید بھی سامنے آئی۔ برطانیہ کے سابق سفارت کار کریگ مرے نے ’’ایکس‘‘ (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ اسرائیل کے اقدامات بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں کیونکہ فلوٹیلا کھلے سمندر میں تھی، نہ کہ اسرائیلی سمندری حدود میں۔ انہوں نے مزید کہا: ’’سمندر میں جہازوں پر قبضہ اور عملے کی اغوا کاری کو گھریلو عدالتوں میں جرائم کے طور پر لیا جا سکتا ہے۔‘‘

اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسیسکا البانیسے اور کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے بھی اس سے قبل اسرائیل سے مطالبہ کیا تھا کہ فلوٹیلا کو نقصان پہنچائے بغیر آگے بڑھنے دیا جائے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی اس کارروائی کی سخت مذمت کی اور اسے ’’بے اسلحہ شہریوں کے خلاف دباؤ اور دھونس‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا: ’’ایک انسانی مشن کو روک کر اسرائیل نے نہ صرف فلسطینی عوام کے حقوق بلکہ دنیا کے ضمیر کی بھی توہین کی ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملائیشیا اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے ’’تمام جائز اور قانونی ذرائع‘‘ استعمال کرے گا۔

اگرچہ کارکنان کو حراست میں لیا گیا اور کشتیوں کو ضبط کیا گیا، لیکن فلوٹیلا کے منتظمین نے اعلان کیا کہ ان کا مشن جاری رہے گا۔ بیان میں کہا گیا ’غیر قانونی اسرائیلی کارروائیاں ہمیں نہیں روک سکتیں۔‘‘خیال رہے کہ اس سال جون میں بھی اسرائیل نے گریٹا تھنبرگ کو ’’میڈلین‘‘ نامی غزہ جانے والے امدادی جہاز کے عملے کے ساتھ حراست میں لیا تھا۔