اسرائیلی ڈرون حملہ جنوبی لبنان میں، پانچ افراد جاں بحق جن میں تین بچے شامل

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 22-09-2025
اسرائیلی ڈرون حملہ جنوبی لبنان میں، پانچ افراد جاں بحق جن میں تین بچے شامل
اسرائیلی ڈرون حملہ جنوبی لبنان میں، پانچ افراد جاں بحق جن میں تین بچے شامل

 



بیروت :لبنان کی وزارت صحت کے مطابق جنوبی لبنانی قصبے بنت جبیل میں اسرائیلی ڈرون حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب نومبر میں شروع ہونے والی امریکی ثالثی جنگ بندی کے باوجود اسرائیل اپنے پڑوسی ملک میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔الجزیرہ نے لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی(NNA) کے حوالے سے بتایا کہ یہ حملہ ایک موٹر سائیکل اور ایک گاڑی کو نشانہ بنا کر کیا گیا، جس میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔لبنان کے اسپیکر پارلیمنٹ نبیہ بری نے کہا کہ جاں بحق بچوں ، سیلین، ہادی اور اسیل ، اور ان کے والد، سب امریکی شہری تھے۔ ان کی والدہ بھی حملے میں زخمی ہوئیں۔

اسرائیل نے تسلیم کیا کہ ہلاک شدگان میں عام شہری بھی شامل ہیں لیکن دعویٰ کیا کہ اس حملے میں حزب اللہ کا ایک رکن مارا گیا۔

الجزیرہ کے مطابق اسرائیل اکثر جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتا ہے اور دعویٰ کرتا ہے کہ وہ ایران کی حمایت یافتہ اس گروپ کو دوبارہ اپنی فوجی طاقت بحال کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے، خصوصاً اس جنگ کے بعد جس میں حزب اللہ کی اعلیٰ قیادت، بشمول طویل عرصے کے سربراہ حسن نصراللہ، ہلاک ہوگئے تھے۔

نبیہ بری نے این این اے کے مطابق سوال اٹھایا:"کیا لبنانی بچپن اسرائیلی وجود کے لیے وجودی خطرہ ہے؟ یا پھر اس وجود کا یہ طرزِ عمل، جس میں بغیر کسی رکاوٹ یا احتساب کے قتل کیا جاتا ہے، دراصل عالمی امن و سلامتی کے لیے حقیقی خطرہ ہے؟"لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے اس حملے کو "ایک نیا قتل عام" قرار دیا۔

الجزیرہ کے مطابق سلام، جو اس سے پہلے عالمی عدالت انصاف کے صدر رہ چکے ہیں، نے کہا:"یہ واقعہ شہریوں کے خلاف ایک کھلا جرم ہے اور ہمارے ان لوگوں کو ڈرانے کا پیغام ہے جو اپنے دیہاتوں میں جنوب واپس آ رہے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا"عالمی برادری کو اسرائیل کی ان بار بار کی جانے والی بین الاقوامی قراردادوں اور قوانین کی خلاف ورزیوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرنی چاہیے۔"

وزیر محنت محمد حیدر نے بھی الزام عائد کیا کہ اسرائیل دانستہ طور پر ان لبنانی شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے جو ایک سال سے زیادہ عرصے کے تصادم کے بعد جنوب واپس آئے ہیں۔
انہوں نے کہا:"یہ منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ جنوبی عوام کی قوتِ ارادی اس مجرمانہ مشین سے زیادہ طاقتور ہے۔"

الجزیرہ کے مطابق امریکہ اور سعودی عرب، لبنان میں حزب اللہ کے مخالفین کے ساتھ مل کر اس شیعہ گروپ پر ہتھیار ڈالنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں لبنان کی فوج نے حکومت کو حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا ایک منصوبہ بھی پیش کیا تھا۔

تاہم حزب اللہ بضد ہے کہ وہ اپنے ہتھیار نہیں ڈالے گا اور اس کا کہنا ہے کہ جب تک اسرائیل لبنان پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور جنوبی علاقوں کے بڑے حصے پر قبضہ کیے ہوئے ہے، غیر مسلح ہونا ایک بڑی غلطی ہوگی۔