اسرائیلی فوج کی لبنان میں حضرت عیسیٰ کے مجسمے کو نقصان پہنچنے کی وائرل تصویر کی تحقیقات شروع

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 20-04-2026
اسرائیلی فوج کی لبنان میں حضرت عیسیٰ کے مجسمے کو نقصان پہنچنے کی وائرل تصویر کی تحقیقات شروع
اسرائیلی فوج کی لبنان میں حضرت عیسیٰ کے مجسمے کو نقصان پہنچنے کی وائرل تصویر کی تحقیقات شروع

 



 تل ابیب: اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مصلوب مجسمے کو نقصان پہنچانے کی مبینہ تصویر وائرل ہونے کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہیں، سی این این نے رپورٹ کیا۔

سی این این کے مطابق یہ تصویر عیسائی اکثریتی گاؤں دیبل میں لی گئی ہے جس میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا مجسمہ صلیب سے ہٹا ہوا اور الٹا دکھائی دے رہا ہے۔ اتوار کو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اس تصویر میں بظاہر ایک اسرائیلی فوجی کو ہتھوڑی یا کلہاڑی سے مجسمے کے سر پر ضرب لگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

دیبل میونسپلٹی کے نائب سربراہ مارون نصیف نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس شرمناک عمل کی سخت مذمت کرتے ہیں کیونکہ یہ ہمارے مذہبی جذبات کو مجروح کرتا ہے اور ہمارے مقدس عقائد پر حملہ ہے۔

اسرائیلی دفاعی افواج نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھتی ہے اور متعلقہ فوجی کا طرز عمل فوجی اقدار کے سراسر منافی ہے۔ فوج کے شمالی کمانڈ نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ تحقیقات کے نتائج کے مطابق ملوث افراد کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔

فوج نے یہ بھی کہا کہ وہ مقامی آبادی کی مدد سے مجسمے کو اس کی اصل جگہ پر بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

دیبل جنوبی لبنان کے ان پچپن قصبوں اور دیہات میں شامل ہے جو اس وقت اسرائیلی فوجی قبضے میں ہیں۔ یہ گاؤں بنت جبیل سے تقریباً چار میل مغرب میں واقع ہے جہاں اسرائیلی افواج نے جاری کارروائیوں کے دوران محاصرہ کر رکھا ہے اور اسے حزب اللہ کا مضبوط گڑھ قرار دیا جا رہا ہے۔