اسرائیل کا قم پر فضائی حملہ، جبکہ مذہبی رہنما کی جانشین کے انتخاب کے لیے ملاقات

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-03-2026
اسرائیل کا قم  پر فضائی حملہ، جبکہ مذہبی رہنما کی جانشین کے انتخاب کے لیے ملاقات
اسرائیل کا قم پر فضائی حملہ، جبکہ مذہبی رہنما کی جانشین کے انتخاب کے لیے ملاقات

 



 یروشلم : اسرائیل نے ایران کے شہر قم میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا جہاں اعلیٰ مذہبی علما سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جانشین کے تقرر کے لیے جمع تھے ایک اسرائیلی سکیورٹی عہدیدار نے یہ بات بتائی۔

خامنہ ای جو 1989 سے ایران کی قیادت کر رہے تھے ہفتہ کے روز قتل کر دیے گئے جس کے بعد مجلس خبرگان کا غیر معمولی اجلاس طلب کیا گیا یہ 88 ارکان پر مشتمل آئینی ادارہ ہے جو ملک کے سپریم لیڈر کے انتخاب کا ذمہ دار ہے۔

یہ کونسل 1989 کے بعد پہلی بار جمع ہوئی ہے جب اس نے خامنہ ای کو اس منصب پر مقرر کیا تھا۔

اسرائیلی سکیورٹی عہدیدار کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملے کے وقت مجلس کے 88 میں سے کتنے ارکان عمارت کے اندر موجود تھے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا وہ غیر استعمال شدہ اور خستہ حال تھی اور وہاں کوئی اجلاس نہیں ہو رہا تھا۔

اسی دوران اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد نے فارسی میں ایک پیغام جاری کیا جس میں کہا گیا کہ خامنہ ای کے جانشین کے طور پر جسے بھی منتخب کیا جائے اس کا انجام پہلے ہی طے ہو چکا ہے اور آخرکار ایرانی عوام ہی اپنی آئندہ قیادت کا فیصلہ کریں گے۔

اس پیغام کے ساتھ ڈومینو کی قطار کی ایک تصویر بھی شامل تھی جس میں ممکنہ جانشین سمجھے جانے والے نمایاں علما کی تصاویر اور نام دکھائے گئے تھے۔

اسرائیلی فوج نے تہران اور اصفہان میں بھی متوازی حملوں کا اعلان کیا جن کا ہدف بیلسٹک میزائلوں کی تیاری اور لانچنگ کے بنیادی ڈھانچے کو بنایا گیا۔