غزہ/ آواز دی وائس
اسرائیل نے 11 ہفتوں پر مشتمل ناکہ بندی کے بعد غزہ پٹی میں انسانی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ عالمی ماہرین کی جانب سے غزہ میں خوراک کی سنگین قلت پر انتباہ کے بعد سامنے آیا ہے۔ اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ بھوک کا بحران غزہ میں اسرائیل کے نئے فوجی آپریشن کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ ایسے میں ان کی کابینہ نے تقریباً 23 لاکھ کی آبادی والے اس علاقے میں خوراک جیسی محدود بنیادی امداد کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شدید فضائی حملوں کے درمیان اسرائیل کے اس اقدام سے غزہ کے عوام اور حماس کو بڑی راحت ملے گی، کیونکہ امداد بند ہونے کے باعث وہاں انسانی بحران شدت اختیار کر چکا ہے۔
اسرائیل نے یہ تو کہا ہے کہ وہ امداد کو غزہ میں داخلے کی اجازت دے گا، لیکن یہ امداد کب اور کس طریقے سے پہنچے گی، اس حوالے سے ابھی کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔ اسرائیلی فوج کا وہ ادارہ جو غزہ جانے والی امداد کی نگرانی کرتا ہے، اس نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ البتہ نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل یہ یقینی بنائے گا کہ امداد حماس کے ہاتھ نہ لگے۔
مارچ سے امداد معطل ہے
اسرائیل نے مارچ کے اوائل میں ہی غزہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے وہاں پہنچنے والی خوراک، دوا اور دیگر بنیادی سپلائی کو بند کر دیا تھا۔ اسرائیل کا کہنا تھا کہ یہ اقدام حماس پر جنگ بندی کی شرائط تسلیم کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔ تاہم جنگ بندی نہیں ہو سکی اور اسرائیل نے دوبارہ حملے شروع کر دیے۔ مارچ سے اسرائیل مسلسل غزہ میں حملے کر رہا ہے، جو حالیہ دنوں میں نہایت شدید ہو چکے ہیں۔ قطر میں دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی پر مذاکرات بھی کسی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے، یعنی پچھلے تقریباً تین مہینوں میں، غزہ میں 3,000 افراد مارے جا چکے ہیں۔ صرف اس ہفتے کے اختتام پر، ہفتہ اور اتوار کو، اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 103 افراد ہلاک ہوئے۔ جنوبی شہر خان یونس میں ہی 48 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، یہ حملے بے گھر افراد کے گھروں اور خیموں پر کیے گئے، جس کے باعث ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
اسرائیل-حماس جنگ: غزہ میں جنگ بندی کے لیے نیا تجویز، امن کی نئی امید
غزہ میں جنگ 7 اکتوبر 2023 کو اس وقت شروع ہوئی جب حماس نے جنوبی اسرائیل پر حملہ کیا۔ اس حملے میں 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے اور حماس نے 250 افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ اس کے بعد اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملے شروع کر دیے۔ ان حملوں میں اب تک 53,000 سے زائد فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔