فلوریڈا: اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے پیر کے روز فلوریڈا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد ان کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ اسرائیل کو وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ جیسا دوست کبھی نہیں ملا۔ مارا لاگو میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے اور دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی۔
ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کو وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ جیسا دوست کبھی نہیں ملا۔ ان کی قیادت ان کی وضاحت اور اسرائیل کے لیے غیر متزلزل حمایت غیر معمولی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سچی دوستی مشکل وقت میں ثابت ہوتی ہے اور صدر ٹرمپ ہر مرحلے پر اسرائیل کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
مارا لاگو میں داخل ہوتے وقت بھی نیتن یاہو نے ٹرمپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل خود کو خوش نصیب سمجھتا ہے کہ اس وقت امریکہ بلکہ آزاد دنیا کی قیادت صدر ٹرمپ کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف اسرائیل کی نہیں بلکہ پوری دنیا کی خوش قسمتی ہے۔
یہ گزشتہ تقریباً دو ماہ میں ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان پہلی ملاقات تھی۔ اس سے قبل اکتوبر میں صدر ٹرمپ نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا جب اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا اعلان کیا گیا تھا۔
ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں مضبوط رہنما قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اسرائیل کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنایا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیتن یاہو بعض اوقات بہت مشکل بھی ہو سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کے خلاف جاری بدعنوانی کے مقدمے میں انہیں معافی دیے جانے کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران قیادت کرنے والے ایک ہیرو وزیر اعظم کو معافی کیوں نہ دی جائے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے بات کی ہے اور یہ عمل جاری ہے۔
بعد ازاں صدر اسحاق ہرزوگ کے دفتر نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ معافی کی درخواست کے بعد صدر ہرزوگ اور صدر ٹرمپ کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ بیان میں کہا گیا کہ صدر ہرزوگ نے پہلے ٹرمپ کے ایک نمائندے سے بات کی تھی جس میں قانونی طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا تھا اور کوئی بھی فیصلہ معمول کے ضابطوں کے مطابق ہوگا۔
صدر ٹرمپ اس سے قبل اکتوبر میں اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ سے خطاب کے دوران بھی نیتن یاہو کی معافی کی حمایت کر چکے ہیں جہاں انہوں نے بدعنوانی کے الزامات کو سگار اور شیمپین جیسے معمولی معاملات قرار دیا تھا۔
ملاقات کے بعد نیتن یاہو نے گفتگو کو نہایت کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت ہی نتیجہ خیز ملاقات تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے خیالات پر بات کرتے ہیں کبھی اختلاف بھی ہوتا ہے لیکن ہم اسے حل کر لیتے ہیں اور زیادہ تر معاملات میں ہم ایک دوسرے سے متفق ہوتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں غزہ امن منصوبے میں اسرائیل کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اسرائیل جو کچھ کر رہا ہے اس پر انہیں کوئی تشویش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے منصوبے پر سو فیصد عمل کیا ہے اور وہ مضبوط ہے۔
تاہم صدر ٹرمپ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ بعض امور پر دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات موجود ہیں جن میں مقبوضہ مغربی کنارے میں آبادکاروں کے تشدد سے نمٹنے کا طریقہ بھی شامل ہے۔