نیویارک [امریکہ]: اقوام متحدہ کی ایک تحقیقاتی کمیشن نے پایا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی (Genocide) کی ہے۔ اقوام متحدہ کی اس نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایسے معقول شواہد موجود ہیں جن سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ 2023 میں حماس کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد بین الاقوامی قانون میں بیان کردہ پانچ میں سے چار نسل کشی کے اقدامات کیے گئے ہیں: کسی گروہ کے افراد کو قتل کرنا، انہیں سنگین جسمانی اور ذہنی نقصان پہنچانا، ایسی صورتحال پیدا کرنا جو اس گروہ کو تباہ کرنے کے لیے ہو، اور پیدائش روکنے کے اقدامات نافذ کرنا۔
اس رپورٹ میں اسرائیلی رہنماؤں کے بیانات اور اسرائیلی فوج کے طرزِ عمل کو نسل کشی کے ارادے کے ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن برائے مقبوضہ فلسطینی علاقہ جات (بشمول مشرقی یروشلم) اور اسرائیل نے اسرائیل اور تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں تاکہ "نسل کشی کو ختم کیا جا سکے" اور اس کے ذمہ داروں کو سزا دی جا سکے۔
کمیشن کی سربراہ ناوی پیلئے نے کہا: ’’کمیشن یہ نتیجہ اخذ کرتا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کے ارتکاب کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا: ’’یہ بات واضح ہے کہ غزہ کے فلسطینیوں کو تباہ کرنے کا ارادہ ہے، ایسے اقدامات کے ذریعے جو نسل کشی کے کنونشن میں طے شدہ معیار پر پورا اترتے ہیں۔‘‘
جنیوا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پینل کے ارکان جو اقوام متحدہ کے ملازم نہیں بلکہ ہیومن رائٹس کونسل کے 47 رکن ممالک کی طرف سے مقرر کیے گئے ہیں نے وضاحت کی کہ ان کی تحقیقات، جو 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل میں حماس کے حملوں سے شروع ہوئی جنگ کے حوالے سے کی گئیں، اس نتیجے پر پہنچی ہیں کہ اسرائیلی حکام اور سکیورٹی فورسز نے 1948 کے "کنونشن برائے انسداد و سزا جرمِ نسل کشی" میں بیان کردہ پانچ میں سے چار نسل کشی کے اعمال انجام دیے۔ اسرائیل کی وزارتِ خارجہ نے اس رپورٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے "گمراہ کن اور جھوٹا" قرار دیا ہے، جیسا کہ الجزیرہ نے رپورٹ کیا۔